رانا ثنا اللہ نے راولاکوٹ میں 400 ہلاکتوں کا دعویٰ پروپیگنڈا قرار دیدیا

بتایاگیاکہ دیکھیں یہ قتلِ عام ہو گیا ہےاوربعدمیں وہ ساری لاشیں لوگوں کو چلتی پھرتی نظرآئیں،خصوصی مشیر برائے سیاسی امور

August 5, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے خصوصی مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے علاقے راولاکوٹ سے سامنے آنے والی ہلاکتوں کی اطلاعات پروپیگنڈا پر مبنی ہیں۔بی بی سی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے راولاکوٹ میں ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہاں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، تاہم 400 ہلاکتوں کا دعویٰ غلط ہے۔

9 جون سے اگر آپ دیکھیں تو ہلاکتوں کی تعداد دو ہندسوں میں ہو سکتی ہے، لیکن اس میں پولیس اور رینجرز کے لوگ بھی شامل ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ آپ مجھے بتائیں کہ جب وہ (مظاہرین) قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کریں گے تو پھر قانون نافذ کرنے والے ادارے کیا ردِعمل دیں گے؟

پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں رواں برس جون سے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے تحت احتجاج جاری ہیں اور اس دوران متعدد سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کی ہلاکتوں کی اطلاعات منظرِ عام پر آتی رہی ہیں۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا حالیہ احتجاج رواں برس جون میں مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں کے خاتمے سے شروع ہوا تھا اور مظاہرین نے مظفر آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔

احتجاجی مظاہرین ہلاکتوں کی تعداد زیادہ بتاتے ہیں، جبکہ حکومتی حکام کی جانب سے بتائی جانے والی تعداد کم ہوتی ہے۔ بی بی سی دونوں ہی جانب سے کیے گئے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا ہے۔رانا ثنا اللہ نے ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پراپیگنڈا کا حال یہ ہے کہ کچھ دن پہلے میرپور میں ایک واقعہ ہوا، جس میں کوئی ہلاک نہیں ہوا۔ لیکن ایک ویڈیو بنائی گئی کہ تقریباً 25 لاشیں خون میں لت پت وہاں پر موجود ہیں اور بتایا گیا کہ دیکھیں یہ قتلِ عام ہو گیا ہے اور بعد میں وہ ساری لاشیں لوگوں کو چلتی پھرتی نظر آئیں۔

رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ 9 جون کو راولاکوٹ میں موجود لوگوں کی تعداد پانچ سے چھ ہزار تھی۔رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ ان افراد کے ساتھ مسلح افراد بھی موجود تھے۔

انھیں کہا گیا کہ آپ کے ساتھ مسلح لوگ ہیں، مسلح لانگ مارچ جو ہوتا ہے وہ سیاسی مارچ نہیں ہوتا بلکہ وہ لشکر کشی ہوتی ہے۔

کوئی بھی ریاست اپنے دارالحکومت پر ایسی لشکر کشی کی اجازت نہیں دیتی۔ انھیں وہاں پر روکا گیا، وہاں پر انھوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فائرنگ کا تبادلہ کیا، یعنی ان کے مسلح ہونے کی اس حد تک تصدیق ہے۔ ثنا اللہ نے خبردار کیا کہ اگر مظاہرین طاقت کے استعمال کے ذریعے مظفرآباد میں جتھے کی صورت میں چڑھائی کی کوشش کریں گے تو ان کو ہر طریقے سے روکا جائے گا، اس کی انھیں اجازت نہیں دی جائے گی۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ماضی میں بھی احتجاج کرتی رہی ہے، لیکن یہ مسئلہ 9 جون کو اس وقت شروع ہوا جب انھوں نے کہا کہ ہم الیکشن نہیں ہونے دیں گے۔

پاکستانی وزیرِاعظم کے مشیر کا مزید کہنا تھا کہ مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستوں کا حل الیکشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

اگر آج بھی وہ الیکشن کا حصہ بن جائیں اور اسے روکنے کی کوشش نہ کریں تو ان کے ساتھ ہمیں کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے