پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے یونی نیورو انجکشن پر الرٹ جاری کر دیا

انجکشن کا بیچ نمبر HNI-116 معیار پر پورا نہیں اترا، جس کے باعث اس کے استعمال سے مریضوں کی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

August 6, 2026 · قومی

پنجاب محکمہ صحت نے اعصابی کمزوری کے علاج میں استعمال ہونے والے “یونی نیورو انجکشن” کے ایک مخصوص بیچ کے بارے میں حفاظتی الرٹ جاری کرتے ہوئے اسے غیر معیاری اور ممکنہ طور پر مضرِ صحت قرار دے دیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق انجکشن کا بیچ نمبر HNI-116 معیار پر پورا نہیں اترا، جس کے باعث اس کے استعمال سے مریضوں کی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

حکام نے فیصل آباد سمیت متعلقہ اضلاع کے ڈرگ انسپیکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیوں کا سروے کریں، مذکورہ بیچ کی موجودگی کی جانچ کریں اور جہاں بھی یہ انجکشن دستیاب ہو اسے فوری طور پر مارکیٹ سے واپس لیا جائے۔

محکمہ صحت نے فارمیسی مالکان، ڈسٹری بیوٹرز اور طبی مراکز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ بیچ نمبر HNI-116 کی فروخت اور تقسیم فوری طور پر بند کر دیں۔

عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر ان کے پاس مذکورہ بیچ کا انجکشن موجود ہو تو اسے استعمال نہ کریں اور کسی بھی مشتبہ دوا یا مضر اثرات کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ محکمہ صحت یا معالج سے رابطہ کریں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ادویات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے مارکیٹ کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور عوام کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔