بیوی کے انکار پر شوہر نے سسرال کے باہر خود کو آگ لگا لی

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور متاثرہ شخص کو فوری طور پر بلھے شاہ اسپتال قصور منتقل کیا

August 6, 2026 · قومی

قصور کے علاقے مصطفیٰ آباد میں گھریلو تنازع کے باعث ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص مبینہ طور پر خود کو آگ لگا کر شدید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق 35 سالہ شہباز اپنی اہلیہ کو واپس گھر لانے کے لیے اس کے والدین کے گھر گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان بات چیت کے دوران معاملہ حل نہ ہو سکا، جس کے بعد شہباز نے مبینہ طور پر خود پر آتش گیر مادہ چھڑک کر آگ لگا لی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور متاثرہ شخص کو فوری طور پر بلھے شاہ اسپتال قصور منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت کے باعث اسے مزید علاج کے لیے لاہور کے اسپتال ریفر کر دیا گیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تمام متعلقہ افراد کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔