جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر الرٹ جاری

اسلام آباد میں 52 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

August 6, 2026 · قومی

راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، جس پر گوالمنڈی کے مقام پر الرٹ جاری کر دیا گیا۔

محکمہ موسمیات اور متعلقہ حکام کے مطابق اسلام آباد میں 52 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے نتیجے میں متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور شہریوں کو آمدورفت سمیت مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح تقریباً ساڑھے 9 فٹ تک پہنچ گئی تھی، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے صورتحال پر کڑی نظر رکھنا شروع کر دی۔ واسا، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر ادارے فوری طور پر متحرک ہوئے اور نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے۔

بعد ازاں بارش کی شدت میں کمی آنے پر نالہ لئی میں پانی کی سطح بتدریج کم ہونا شروع ہوگئی۔ تازہ صورتحال کے مطابق گوالمنڈی اور کٹاریاں کے مقامات پر پانی کی سطح ساڑھے 9 فٹ سے کم ہو کر تقریباً 8 فٹ رہ گئی ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر نالہ لئی اور اس کے اطراف جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

حکام کے مطابق بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کا عمل جاری ہے اور صورتحال معمول پر لانے کے لیے تمام ادارے الرٹ ہیں۔