وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر 12 بجے طلب کیا تھا، تاہم مصروفیات کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا۔

August 6, 2026 · قومی

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آج طلب کیا گیا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر دیا ہے، جبکہ اجلاس کو آئندہ ہفتے دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق اجلاس کی نئی تاریخ سے متعلق کابینہ ارکان کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر 12 بجے طلب کیا تھا، تاہم مصروفیات کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے متوقع دورۂ سعودی عرب کی تیاریوں کے سلسلے میں آج صبح ایک اہم اجلاس بھی طلب کیا، جس میں انہیں دورے کے شیڈول، مجوزہ ملاقاتوں اور اہم سفارتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، علاقائی و عالمی صورتحال اور خطے میں جاری پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایران، امریکا اور خطے میں امن سے متعلق سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو متوقع ہے۔