چین اور ترکیہ سے تربیت یافتہ اے ایس پیز کی محسن نقوی سے ملاقات

ملاقات کے دوران افسران نے چین اور ترکیہ میں جدید پولیسنگ، سرویلنس سسٹمز، جدید ٹیکنالوجی، تفتیشی طریقہ کار اور امن و امان برقرار رکھنے کے عملی تجربات سے آگاہ کیا۔

August 6, 2026 · قومی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین اور ترکیہ میں خصوصی تربیتی کورسز مکمل کرکے وطن واپس آنے والے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) نے ملاقات کی، جس میں جدید پولیسنگ اور قانون نافذ کرنے کے نظام سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران افسران نے چین اور ترکیہ میں جدید پولیسنگ، سرویلنس سسٹمز، جدید ٹیکنالوجی، تفتیشی طریقہ کار اور امن و امان برقرار رکھنے کے عملی تجربات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی تربیتی پروگرامز نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ بیرون ملک تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی مستقل پیشہ ورانہ تربیت کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں چین کے ماڈل پر ایک جدید لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سینٹر کے قیام کے لیے پائلٹ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جہاں حراست، تفتیش اور معمولی نوعیت کے مقدمات کی کارروائی ایک ہی جگہ انجام دی جا سکے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید پولیسنگ کے کامیاب بین الاقوامی ماڈلز سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کے پولیس نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق جدید سرویلنس ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کا نظام بہتر کیا جائے گا، جبکہ جرائم کی روک تھام کے لیے وزارت داخلہ کے ایوی ایشن ونگ میں جدید ڈرونز بھی شامل کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں خصوصی تفتیشی کمرے قائم کیے جائیں گے، جدید انویسٹی گیشن ٹریننگ کو فروغ دیا جائے گا اور انٹیروگیشن کو بطور خصوصی مضمون تربیتی نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کے لیے آپریشنل ضروریات کے مطابق نئی یونیفارم بھی متعارف کرانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔

ملاقات میں کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔