غروب آفتاب کے بعد خواتین کو تھانوں میں بلانے پر پابندی عائد
خواتین کی درخواستوں کو فوری طور پر سنا جائے گا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔لاہور پولیس
لاہور: تھانوں میں خواتین سے متعلق پیش آنے والے حالیہ واقعات کے بعد پولیس نے طریقہ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت خواتین کو غروب آفتاب کے بعد تھانے میں موجود رکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق خواتین سے متعلق تمام قانونی کارروائیاں حتی الامکان دن کی روشنی میں مکمل کی جائیں گی، جبکہ مدعی یا ملزمہ خاتون کو سورج غروب ہونے کے بعد تھانے طلب نہیں کیا جائے گا۔
لاہور پولیس کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ خواتین کی درخواستوں کو فوری طور پر سنا جائے گا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی ہنگامی صورتحال میں اگر کسی خاتون کو رات کے وقت تھانے میں رکھنا ضروری ہو تو اس کے لیے متعلقہ اعلیٰ پولیس افسر کی منظوری لینا لازمی ہوگی۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے تمام ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو نئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد خواتین کے تحفظ، عزت و وقار اور قانونی کارروائی کے دوران محفوظ ماحول کو یقینی بنانا ہے۔
نئی ایس او پیز کے تحت پولیس اسٹیشنز میں خواتین سے متعلق معاملات کو مزید حساس انداز میں نمٹانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔