راولپنڈی بورڈ میٹرک امتحانات 2026 کے نتائج جاری،کامیابی کی شرح 61.31 فیصد
تقریب میں چیئرمین راولپنڈی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود، بورڈ حکام، پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، والدین اور اساتذہ بھی موجود تھے۔
راولپنڈی: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق مجموعی کامیابی کا تناسب 61.31 فیصد رہا۔
نتائج کے اعلان کے حوالے سے مرکزی تقریب فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں ایم این اے ملک ابرار احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین راولپنڈی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود، بورڈ حکام، پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، والدین اور اساتذہ بھی موجود تھے۔
راولپنڈی بورڈ کے مطابق میٹرک امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار 411 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو تقریب کے دوران اعزازات سے نوازا گیا۔
نتائج کے مطابق محمد منان احتشام نے 1191 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وہ العامر فاؤنڈیشن سیکنڈری اسکول فار بوائز دولتالہ، گوجر خان سے تعلق رکھتے ہیں۔
دوسری پوزیشن زونیرہ طاہر نے حاصل کی، جنہوں نے 1180 نمبر حاصل کیے۔ ان کا تعلق پریزنٹیشن کانونٹ ہائی اسکول فار گرلز پنڈی پوائنٹ مری سے ہے۔
محمد فصیح عبداللہ نے 1178 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی، وہ کیمبرج انٹرنیشنل بوائز سیکنڈری اسکول تلہ گنگ کے طالب علم ہیں۔
راولپنڈی بورڈ کے مطابق طلبہ کی کامیابی کی شرح 70.18 فیصد جبکہ طالبات کی کامیابی کی شرح 51.99 فیصد رہی۔ حکام نے کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔