پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ساڑھے 12 ارب روپے مانگ لیے گئے

بلدیاتی انتخابات کے لیے درکار فنڈز کی منظوری کا معاملہ پنجاب کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں اس پر غور کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

August 6, 2026 · قومی

 لاہور: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں، جبکہ صوبائی محکمہ بلدیات نے انتخابات کے انتظامات کے لیے پنجاب حکومت سے تقریباً ساڑھے 12 ارب روپے کے فنڈز طلب کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے درکار فنڈز کی منظوری کا معاملہ پنجاب کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں اس پر غور کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جس میں مختلف انتظامی اور مالی امور کے ساتھ بلدیاتی انتخابات سے متعلق فنڈز کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہو سکتی ہے۔

حکام کے مطابق فنڈز کی فراہمی کے بعد بلدیاتی انتخابات کے انتظامی اور انتخابی مراحل کو آگے بڑھانے میں سہولت ملے گی، تاہم انتخابات کے شیڈول سے متعلق حتمی اعلان متعلقہ انتخابی ادارے کی جانب سے کیا جائے گا۔