لاہور بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار سکھ طالب علم نے پوزیشن حاصل کر لی

اونکار سنگھ نے میٹرک کے سالانہ امتحان میں 1189 نمبر حاصل کرتے ہوئے سائنس گروپ (بوائز) میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔

August 6, 2026 · قومی

لاہور: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کی تاریخ میں پہلی بار سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے میٹرک امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کر کے نئی مثال قائم کر دی۔

اونکار سنگھ نے میٹرک کے سالانہ امتحان میں 1189 نمبر حاصل کرتے ہوئے سائنس گروپ (بوائز) میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔

اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اونکار سنگھ نے کہا کہ ان کا خواب ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کرنا ہے، اسی مقصد کے لیے وہ مستقبل میں میڈیکل کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ روزگار کے بہتر مواقع بھی فراہم کیے جانے چاہییں تاکہ بے روزگاری کے مسائل میں کمی لائی جا سکے۔

اونکار سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے مذہب اور تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کی مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی رہنمائی اور مسلسل محنت کے سر باندھا۔