خیبرپختونخوا میں دو کارروائیاں، 10 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

جنوبی وزیرستان اور دیر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد

August 7, 2026 · قومی

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اگست کو جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے کہا کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔