جہلم اور سرائے عالمگیر میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی کئی شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور محفوظ مقامات کا رخ کیا۔
جہلم، سرائے عالمگیر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و تشویش پھیل گئی۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی کئی شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور محفوظ مقامات کا رخ کیا۔ بعض علاقوں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔
اچانک آنے والے جھٹکوں کے باعث شہریوں میں کچھ دیر تک بے چینی برقرار رہی، جبکہ قریبی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم زلزلے کی شدت، مرکز اور گہرائی کے بارے میں حتمی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید معلومات سامنے آنے کے بعد زلزلے کی شدت اور مرکز کے بارے میں صورتحال واضح ہونے کا امکان ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پرسکون رہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات یا افواہوں پر یقین کرنے سے گریز کریں۔