میجر طفیل محمد شہید کی 68ویں برسی، قوم کا خراجِ عقیدت

تقریب کے دوران میجر جنرل نعمان منظور اعوان نے شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے بھی شہید کو سلامی پیش

August 8, 2026 · قومی

نشانِ حیدر حاصل کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کی 68ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر شہید کے آبائی علاقے طفیل آباد، بورے والا میں ان کے مزار پر خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے دوران میجر جنرل نعمان منظور اعوان نے شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے بھی شہید کو سلامی پیش کی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل، نیول چیف، سربراہ پاک فضائیہ اور پاک فوج کی جانب سے میجر طفیل محمد شہید کی خدمات اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے خلاف کارروائی کے دوران غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے مشن کو مکمل کیا اور وطن کے دفاع میں جان قربان کردی۔

ان کی بے مثال شجاعت اور عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی میجر طفیل محمد شہید کو ان کی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے اپنی جان قربان کرکے دفاعِ وطن کی تاریخ میں ایک یادگار مثال قائم کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کی بہادری اور وطن سے وفاداری قوم کے لیے قابلِ فخر مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

میجر طفیل محمد شہید کی قربانی آج بھی وطن کے دفاع کے لیے عزم، حوصلے اور حب الوطنی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔