پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کے قتل کا اہم ملزم گرفتار
گرفتار خاتون مبینہ شوٹر کی دوست ہے اور اس سے قبل بھی متعدد افراد کو ہنی ٹریپ کرنے میں ملوث رہی ہے۔
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے واردات میں مبینہ طور پر سہولت کاری کرنے والی ایک خاتون کو سیالکوٹ سے گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار خاتون کو لاہور منتقل کردیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ تفتیش میں ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ خاتون نے مقتول کے ڈرائیور کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کے ذریعے اپنے رابطے میں لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون مبینہ شوٹر کی دوست ہے اور اس سے قبل بھی متعدد افراد کو ہنی ٹریپ کرنے میں ملوث رہی ہے۔
تحقیقات کے مطابق واردات سے قبل ملزمان کی ساتھی خاتون نے سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے عبداللہ طاہر کے ڈرائیور سے رابطہ کیا۔ قتل کے روز کلینک پہنچنے کے بعد ڈرائیور اور خاتون کے درمیان ویڈیو کال بھی ہوئی، جس کے ذریعے مبینہ طور پر ملزمان کو عبداللہ طاہر کی کلینک میں موجودگی کی اطلاع دی گئی۔
پولیس کے مطابق مقتول کی نگرانی اور ریکی کے لیے ڈرون کیمرے کا استعمال بھی کیا گیا۔
عبداللہ طاہر کو چند روز قبل لاہور میں ان کے کلینک میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی تحقیقات آگے بڑھا رہی ہے۔