شہداء اور غازیوں کے لیے سول اعزازات،78 افراد کے نام منظور
شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قوم کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں اور ملک اپنے بہادر سپوتوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت گیلنٹری ایوارڈز سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں شہداء اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افراد کے لیے سول اعزازات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں مختلف کیٹیگریز کے تحت مجموعی طور پر 78 افراد کے لیے اعزازات منظور کیے گئے۔ کمیٹی نے ملک کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کی خدمات کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور قوم کے لیے قربانیاں دینے والے افراد کی حوصلہ افزائی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قوم کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں اور ملک اپنے بہادر سپوتوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکریٹری داخلہ، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل، ایڈیشنل سیکریٹری کابینہ اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
چاروں صوبوں کے نمائندوں نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ سول اعزازات کی مختلف کیٹیگریز پر غور کے بعد 78 افراد کے ناموں کی منظوری دی گئی۔