’’کراچی میں کاروبار نہیں بچا‘‘:پولیس کو میر رضا کے والد کی اہم آڈیو مل گئی
آڈیو میں میر حسین کا نور نامی شخص سےقرض کی ادائیگی اوراسلام آباد میں قیام کاذکر
فائل فوٹو
میر رضا کے والد میر حسین کی اہم آڈیو ریکارڈنگ سامنے آگئی ، جس میں وہ ‘نور’ نامی شخص سے کہہ رہے ہیں میں نے پیسے دینے ہیں جلد ادا کر دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو میر رضا علی کیس کی تفتیش کے دوران ایک بڑا بریک تھرو ملا، جس میں مقتول کے والد میر حسین کی ایک اہم آڈیو ریکارڈنگ تفتیشی حکام کو مل گئی۔
تفتیش کے دوران سامنے آنے والی اس آڈیو میں میر رضا کے والد میر حسین کو ‘نور’ نامی شخص سے اپنے قرض کی ادائیگی اور شہر چھوڑنے سے متعلق گفتگو کررہے ہیں۔
آڈیو میں میر حسین نور نامی شخص کو بتا رہے ہیں کہ “کراچی میں اب میرا کوئی کام یا گھر نہیں رہا، میں اسلام آباد آگیا ہوں اور مجھے یہاں سیلز کی جاب مل گئی ہے جس کا پیکج کافی اچھا ہے۔”
میر حسین نے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ “میں اب اسلام آباد میں ہی رہوں گا اور پیسوں کا بندوبست کر رہا ہوں، اگر مجھے پیسے نہ دینے ہوتے تو میں آپ سے رابطہ ہی کیوں کرتا؟ میں نے جن کے پیسے دینے ہیں، وہ جلد ادا کر دوں گا۔”
پولیس اس آڈیو اور دیگر شواہد کی روشنی میں تمام زاویوں سے تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز ایک شخص نے پولیس کو میر رضا کی آڈیو فراہم کی تھی، آڈیو میسج میں میر رضا مالی معاملات اور ادائیگیوں کا ذکر کر رہے تھے۔
آڈیو میں میر نے رقوم کی ادائیگی سے متعلق تجاویز دیتے ہوئے کہا دس، دس لاکھ روپے کے تین چیک لے لیں تاہم تفتیشی حکام آڈیو میسج کو شواہد کے طور پر جانچ رہے ہیں۔