وزیر داخلہ محسن نقوی کا لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ
متعلقہ حکام سے مسافروں کی آمد و رفت، امیگریشن کے طریقہ کار اور انہیں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں
وزیر داخلہ محسن نقوی کا لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ-وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کے امیگریشن عمل اور ایئرپورٹ پر فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے ایئرپورٹ کے مختلف امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے مسافروں کی آمد و رفت، امیگریشن کے طریقہ کار اور انہیں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
وفاقی وزیر نے اس دوران مسافروں سے بھی براہ راست گفتگو کی اور امیگریشن مکمل ہونے میں لگنے والے وقت کے بارے میں دریافت کیا۔ مسافروں نے بتایا کہ انہیں امیگریشن کے مرحلے میں تقریباً 30 منٹ انتظار کرنا پڑتا ہے اور انتظامات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
مسافروں کی شکایات پر وزیر داخلہ نے فوری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ پر تمام امیگریشن کاؤنٹرز فعال رکھے جائیں تاکہ مسافروں کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے اور عمل تیزی سے مکمل ہوسکے۔
دورے کے دوران ایک مسافر نے ایک ایجنٹ کی جانب سے رقم وصول کرنے کی شکایت بھی وزیر داخلہ کے سامنے پیش کی۔ محسن نقوی نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کیس ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کے حوالے کردیا اور متعلقہ ایجنٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گرفتاری کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو واضح ہدایات دیں کہ نامکمل یا غیر ضروری دستاویزات رکھنے والے افراد کو سفری اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امیگریشن کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور جعلی سفری دستاویزات استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ جن مسافروں کے پاس مکمل اور درست سفری دستاویزات موجود ہوں، انہیں بلاوجہ سفر سے نہیں روکا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کو امیگریشن کے عمل کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایئرپورٹ پر امیگریشن کے نظام کو مؤثر، تیز اور مسافر دوست بنایا جائے تاکہ بیرون ملک جانے والے شہریوں کو غیر ضروری تاخیر اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔