مالی مشکلات کے سبب لاہور میٹرو بس سروس بند
اس کے مالی وسائل ختم ہوچکے ہیں اور موجودہ حالات میں سروس کو مزید جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
لاہور: لاہور میٹرو بس سروس چلانے والی نجی کمپنی ویڈا نے مالی مشکلات اور ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث 11 اگست سے میٹرو بس سروس کا آپریشن معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
کمپنی نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے مالی وسائل ختم ہوچکے ہیں اور موجودہ حالات میں سروس کو مزید جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
ویڈا کے مطابق میٹرو بس آپریشن کے لیے درکار ایندھن کی مسلسل فراہمی کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہوسکا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ متعلقہ اتھارٹی ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام رہی، جس کے باعث سروس کا معمول کے مطابق چلنا مشکل ہوگیا ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اگر عدالت کی ہدایات کے مطابق ایندھن کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو 11 اگست سے لاہور میٹرو بس کا مکمل آپریشن روک دیا جائے گا۔
ویڈا نے حکام پر زور دیا ہے کہ ایندھن کی فراہمی کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ شہریوں کے لیے اہم سفری سہولت کو جاری رکھا جاسکے۔
میٹرو بس سروس معطل ہونے کی صورت میں روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو متبادل سفری ذرائع اختیار کرنا پڑ سکتے ہیں۔