سیالکوٹ میں نالہ ایک میں طغیانی،متعدد آبادیاں اور زرعی علاقے زیرِ آب
ڈھلم بلگن، چک چوہدو اور ملکھانوالہ کے بعض علاقے بھی سیلابی پانی سے متاثر ہوئے ہیں۔
سیالکوٹ:نالہ ایک میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سیلابی پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا، جس سے کئی علاقوں میں صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق بھوپالوالہ اور ڈھلم بلگن کے قریب نالے کا پانی آبادیوں تک پہنچ گیا ہے، جبکہ ڈھلم بلگن، چک چوہدو اور ملکھانوالہ کے بعض علاقے بھی سیلابی پانی سے متاثر ہوئے ہیں۔
سیلابی پانی پھیلنے سے وسیع زرعی رقبہ بھی متاثر ہوا ہے اور دھان کی کھڑی فصل کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ پانی کے باعث کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں فصلوں کے متاثر ہونے پر تشویش لاحق ہے۔
مقامی افراد کے مطابق نالہ ایک میں پانی کا بہاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، جس کے باعث مزید علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
انتظامیہ اور مقامی شہری صورتحال پر قابو پانے اور حفاظتی بند مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ ممکنہ نقصان کو کم کیا جاسکے۔
مقامی آبادی نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نالے میں بڑھتے ہوئے پانی کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور آبادیوں و زرعی زمینوں کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔