پی آئی اے کی سعودی عرب جانے والی 6 پروازیں تاخیر کا شکار

پاکستان سے مدینہ اور جدہ جانے والی مجموعی طور پر 6 پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے، بعض پروازیں تقریباً 18 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔

August 9, 2026 · قومی

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے آپریشنل مسائل کے باعث پاکستان سے سعودی عرب جانے والی متعدد پروازیں شدید تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں، جس کے نتیجے میں مسافروں کو ایئرپورٹس پر طویل انتظار اور مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سے مدینہ اور جدہ جانے والی مجموعی طور پر 6 پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے، بعض پروازیں تقریباً 18 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔

اسلام آباد سے مدینہ جانے والی پرواز میں ساڑھے 17 گھنٹے کی تاخیر ہوئی، جبکہ مدینہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز بھی مقررہ وقت پر روانہ نہ ہوسکی۔ یہ پرواز رات 2 بجے شیڈول تھی، جس کی آمد اب شام 5 بجے متوقع بتائی گئی ہے۔

اسی طرح لاہور سے مدینہ جانے والی پروازوں میں بھی تقریباً 18 گھنٹے کی تاخیر کی اطلاعات ہیں۔ ملتان سے جدہ اور مدینہ جانے والی پروازیں بھی تاخیر سے متاثر ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مدینہ سے لاہور آنے والی پرواز بھی مقررہ شیڈول کے مطابق دن ڈھائی بجے پہنچنے کے بجائے اگلی صبح 8 بجے پہنچنے کی توقع ہے۔

پروازوں میں طویل تاخیر کے باعث سعودی عرب میں مدینہ اور جدہ ایئرپورٹس پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافروں نے ایئرلائن انتظامیہ سے پروازوں کے شیڈول اور تاخیر کی وجوہات کے بارے میں بروقت معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایئرلائن کے آپریشنل مسائل کے باعث پروازوں کے شیڈول میں ہونے والی تبدیلیوں سے مسافروں کے سفری منصوبے بھی متاثر ہوئے ہیں۔