میر رضا علی قتل کیس کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا فیصلہ

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں ذمے داروں کے خلاف بلاامتیاز تادیبی کارروائی کی جائے،فریال تالپور

August 9, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضی وہاب اورایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے میر رضاعلی کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔

وزیر داخلہ سندھ اور میئر کراچی نے میر رضا علی خان کے والدین اور دیگر اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیرداخلہ سندھ نے میر رضا علی کے اہل خانہ کو بتایا کہ قتل کیس کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی سفارش پر سندھ ہائی کورٹ کے معزز جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔

قبل ازیں سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن فریال تالپورنے میر رضا علی قتل کیس کا نوٹس لیتے وزیراعلیٰ سندھ کو واقعےکی شفاف اور غیرجانب دارانہ تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی سفارش کر دی۔

فریال تالپور کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں ذمے داروں کے خلاف بلاامتیاز تادیبی کارروائی کی جائے، متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے سے متعلق تمام حقائق سامنے لائے جائیں اور عوام کو شفاف انداز میں آگاہ کیا جائے، انصاف کے تقاضے پورے کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔