راولپنڈی: مال روڈ فائرنگ واقعے میں ہلاک دہشت گرد محمد حسین کے بارے میں سنسنی خیز انکشافات
ہلاک دہشت گرد محمد حسین سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا سرگرم کارکن تھا ، جماعت کی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتا تھا، ذرائع
فائل فوٹو
راولپنڈی : راولپنڈی کے علاقے مال روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد محمد حسین کے حوالے سے اہم اور سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ذرائع سے حاصل ہونے والے شواہد اور ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک دہشت گرد محمد حسین سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا سرگرم کارکن تھا اور جماعت کی جملہ قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتا تھا۔ وہ ان کی تمام تر ہدایات پر مکمل عمل درآمد کرتا تھا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں کے دوران اشتعال انگیزی، پتھراؤ اور فائرنگ کے واقعات میں براہ راست ملوث رہا ہے۔ اس کے علاوہ، وہ احتجاج کی آڑ میں سیکیورٹی فورسز کو جدید اسلحے کے ذریعے نشانہ بناتا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد محمد حسین کے نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے مزید تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور جلد اہم پیش رفت کی توقع ہے۔