عبداللہ طاہر قتل کیس،پولیس نے ڈرائیور اصغر کو حراست میں لے لیا

قتل میں مبینہ سہولت کاری کے شبہے میں خواتین سمیت مجموعی طور پر 5 افراد زیر حراست ہیں، جن سے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔

August 12, 2026 · قومی

عبداللہ طاہر قتل کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقتول کے ڈرائیور اصغر کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ اس کا موبائل فون بھی قبضے میں لے کر تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ڈرائیور اصغر سے متعلق یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے عبداللہ طاہر کی لوکیشن اور نقل و حرکت سے متعلق معلومات مبینہ طور پر ایک خاتون ٹک ٹاکر کو فراہم کیں۔ پولیس نے ڈرائیور اور خاتون ٹک ٹاکر سے آمنے سامنے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے جائے وقوعہ کی مبینہ طور پر ریکی کرنے والے ایک شخص اور گاڑی کرائے پر فراہم کرنے میں مبینہ طور پر ملوث افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق قتل میں مبینہ سہولت کاری کے شبہے میں خواتین سمیت مجموعی طور پر 5 افراد زیر حراست ہیں، جن سے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق عبداللہ طاہر کے قتل میں مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والا مرکزی ملزم اور اس کے دو ساتھی تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔ پولیس کی جانب سے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد سے حاصل ہونے والی معلومات اور موبائل فون سمیت دیگر شواہد کی روشنی میں کیس کی مزید تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے۔