پی بی 9کوہلو میں4 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا حکم معطل
جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار میر چنگیز خان مری کی رکنیت بھی بحال ہوگئی۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 9 کوہلو کے چار پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا۔
جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کے امیدوار میر چنگیز خان مری کی رکنیت بھی بحال ہوگئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے مقدمے کے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگست کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی بی 9 کوہلو کے چار پولنگ اسٹیشنز پر 27 اگست کو دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔ میر چنگیز خان مری نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے ری پولنگ کا حکم معطل کیے جانے کے بعد اب کیس کے آئندہ مرحلے میں فریقین کا مؤقف اور متعلقہ ریکارڈ عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔