وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور دوبارہ گنتی میں بھی کامیاب

حلقے میں مجموعی طور پر 84 ہزار 702 ووٹ درست قرار دیے گئے، جبکہ 464 ووٹ مسترد ہوئے اور 2 ٹینڈرڈ ووٹ ریکارڈ کیے گئے۔

August 12, 2026 · قومی

حویلی کہوٹہ: آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے XVII باغ IV حویلی (کہوٹہ) میں دوبارہ گنتی کے بعد بھی راجہ فیصل ممتاز راٹھور کامیاب قرار پائے ہیں۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری فارم 27 کے مطابق راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے 33 ہزار 872 ووٹ حاصل کیے اور کامیابی اپنے نام کی۔

نتائج کے مطابق حلقے میں مجموعی طور پر 84 ہزار 702 ووٹ درست قرار دیے گئے، جبکہ 464 ووٹ مسترد ہوئے اور 2 ٹینڈرڈ ووٹ ریکارڈ کیے گئے۔

ریٹرننگ افسر نے اپنے اعلامیے میں راجہ فیصل ممتاز راٹھور ولد ممتاز احمد راٹھور کو حلقہ ایل اے XVII باغ IV حویلی (کہوٹہ) سے باقاعدہ طور پر کامیاب امیدوار قرار دے دیا۔

 

فارم 27 پر جاری کردہ نتیجے کے مطابق دیگر امیدواروں میں خواجہ طارق سعید نے 12 ہزار 538، امیر نذیر چوہدری نے 5 ہزار 405 جبکہ چوہدری محسن عزیز نے 32 ہزار 354 ووٹ حاصل کیے۔

ریٹرننگ افسر نے 11 اگست 2026 کو حویلی کہوٹہ میں انتخابی نتیجہ جاری کیا، جس کے بعد راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کی باضابطہ تصدیق ہوگئی۔