مال روڈ واقعہ 27 ستمبر کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی ہے،طلال چوہدری

اگر کسی جانب سے حملے یا بدامنی کی کوشش کی گئی تو قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

August 12, 2026 · قومی

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے مال روڈ پر پیش آنے والا واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ 27 ستمبر کو بھی اسی نوعیت کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت ملک کو سیاسی عدم استحکام کی طرف نہیں جانے دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی جانب سے حملے یا بدامنی کی کوشش کی گئی تو قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر مملکت نے الزام عائد کیا کہ نفرت اور انتشار کے ماحول کے باعث 9 مئی کا واقعہ پیش آیا، جبکہ ان کے بقول اسی طرز کی صورتحال مال روڈ پر بھی دیکھنے میں آئی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی تقاریر اور بیانات پر بھی تنقید کی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شہدا کے حوالے سے توہین آمیز مواد قابل قبول نہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کو بارہا کہا گیا ہے کہ نفرت اور انتشار کی سیاست سے گریز کیا جائے اور نوجوانوں میں اشتعال پیدا کرنے سے اجتناب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر خود کو ذمہ داری سے الگ نہیں کرسکتی کہ متعلقہ کارکن سے ان کا کوئی تعلق نہیں، جبکہ دوسری جانب اسی شخص کا دفاع بھی کیا جا رہا ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بتدریج خود اپنے سیاسی کردار کو محدود کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی مال روڈ واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد نتائج سامنے لائے جائیں گے۔