دیر بالا:شہید بےنظیر بھٹو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پر حملہ

پولیس نے پیپلز پارٹی سے وابستہ 12 سیاسی رہنماؤں اور طلبہ کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔

August 13, 2026 · قومی

 دیر بالا: شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل میں وائس چانسلر کے دفتر میں مبینہ توڑ پھوڑ اور حملے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے پیپلز پارٹی سے وابستہ 12 سیاسی رہنماؤں اور طلبہ کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) سے وابستہ طلبہ نے حلف برداری کی تقریب منعقد کرنے کے لیے اجازت طلب کی تھی، تاہم اجازت نہ ملنے پر بعض طلبہ مشتعل ہوگئے اور انتظامی بلاک میں داخل ہوگئے۔

یونیورسٹی ترجمان روحیل اسلام کے مطابق مشتعل طلبہ نے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی اور شیشے توڑ دیے۔ اس دوران وائس چانسلر کو بھی مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم یونیورسٹی ملازمین نے انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

ترجمان کے مطابق احتجاج کے دوران انتظامی بلاک میں موجود بعض ملازمین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شرینگل میں درخواست جمع کرائی۔

پولیس کے مطابق یونیورسٹی میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں پیپلز پارٹی سے وابستہ 12 سیاسی رہنماؤں اور طلبہ کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق واقعے کے دوران پی ایس ایف کے چار کارکن بھی زخمی ہوئے، جن میں سے ایک طالب علم کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے سیدو شریف اسپتال، سوات منتقل کردیا گیا۔

یونیورسٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے اور وائس چانسلر سمیت متعلقہ حکام کو سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔