جشنِ آزادی:کراچی سے تھر کیلئے آزادی سفاری ٹرین روانہ

مسافر 14 اگست کو زیرو پوائنٹ سمیت مختلف مقامات پر منعقد ہونے والی جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

August 13, 2026 · قومی

کراچی میں جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ڈیزرٹ سفاری ٹرین کو خصوصی طور پر آزادی ٹرین کا نام دے کر تھر کے لیے روانہ کر دیا گیا۔

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن سے ٹرین کو روانہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان ریلوے کے افسران سمیت ڈپٹی ڈی ایس آپریشنز حامد فاروق قریشی بھی موجود تھے۔

آزادی ٹرین کو پاکستانی پرچم، اجرک اور قائداعظم محمد علی جناح کی تصاویر سے سجایا گیا ہے، جبکہ ٹرین میں 165 مسافر سوار ہیں۔ ٹرین آج شام تھر پہنچے گی، جہاں مسافر 14 اگست کو زیرو پوائنٹ سمیت مختلف مقامات پر منعقد ہونے والی جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

خصوصی ٹرین اگلے روز شام کراچی واپس پہنچے گی۔ اس دوران مسافروں کو تھر کی ثقافت، روایات اور سیاحتی مقامات سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت نے کہا کہ ڈیزرٹ سفاری ٹرین کو آزادی ٹرین کے طور پر چلانے کا مقصد سندھ کی ثقافت اور پاکستان سے محبت کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے۔ ان کے مطابق اس سفر میں سندھ کے ثقافتی رنگ نمایاں ہوں گے۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ میں مذہبی اور ثقافتی سیاحت کے کئی اہم مقامات موجود ہیں جنہیں عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ ثقافت و سیاحت پاکستان ریلوے کے تعاون سے سندھ کے دیگر سیاحتی مقامات کے لیے بھی خصوصی ٹرینیں چلانے کے امکانات پر کام کر رہا ہے۔

صوبائی وزیر کے مطابق آزادی ٹرین کی تھر روانگی سے جشنِ آزادی کی تقریبات کو منفرد انداز میں منانے کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔