گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال چھٹے روز بھی جاری، حکومت سے مذاکرات آج

اجلاس میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔

August 13, 2026 · قومی

کراچی: حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور آج کراچی میں ہوگا۔ گزشتہ دو مذاکراتی نشستوں میں معاملات طے نہ ہونے کے باعث ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال چھٹے روز بھی جاری ہے۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کے مطابق آج کے پی ٹی میں حکومتی حکام اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔ ان کے مطابق صرف زبانی یقین دہانیوں پر احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا اور مطالبات سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہی ہڑتال ختم کرنے پر غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے بھی آج ہونے والے مذاکرات کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کے مطالبات اور جاری ہڑتال کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

حکومتی وفد میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ محمد جنید انور، سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ، چیئرمین پورٹ قاسم اور دیگر متعلقہ حکام کی شرکت متوقع ہے۔

محمد اویس چوہدری کے مطابق ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز اپنے مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کر رہے ہیں اور وہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر سنجیدہ اور عملی پیش رفت ضروری ہے۔ صرف یقین دہانیوں سے ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی، جبکہ مطالبات تسلیم کرکے ان پر عملدرآمد شروع ہونے تک پہیہ جام احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے آج کراچی میں ہونے والے مذاکرات سے مثبت پیش رفت کی امید ظاہر کی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ملک گیر ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔