ٹیکسلا بائی پاس پر گاڑی پر فائرنگ، ٹک ٹاکر عائشہ گیلامنہ ہلاک، بہن شدید زخمی

کار ڈمپر سے ٹکرانے کے باعث 15 سالہ بہن زخمی، لین دین کا تنازعہ تھا، دو افراد ایف آئی آر میں نامزد

August 15, 2026 · اہم خبریں, قومی

راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا کے بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 28 سالہ معروف ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گیلامنہ کو قتل کر دیا۔ واقعے کے دوران مقتولہ کی 15 سالہ بہن شدید زخمی ہو گئی، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسلام آباد کے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق عائشہ گیلامنہ کو فون کر کے گھر سے باہر بلایا گیا تھا۔مقتولہ اپنی بیٹی، بہن اور بھائی کے ہمراہ گاڑی میں راولپنڈی جا رہی تھیں کہ بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی کو روکا۔

حملہ آوروں نے سیدھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں عائشہ گیلامنہ کو گردن میں دو گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ فائرنگ کے فوری بعد گاڑی بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے مقتولہ کی 15 سالہ بہن اسمیہ شدید زخمی ہو گئیں۔

مقتولہ عائشہ گیلامنہ سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر انتہائی متحرک تھیں، جہاں ان کے 1.3 ملین (13 لاکھ) سے زائد فالوورز ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس ہولناک قتل کے پیچھے مبینہ طور پر پیسوں کے لین دین کا تنازع بتایا جا رہا ہے۔ پولیس مقتولہ کے قریبی حلقوں اور حالیہ فون کالز کے ریکارڈ کا جائزہ لے رہی ہے۔

ٹیکسلا پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں قتل اور اقدامِ قتل کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں کوثر اور جاوید عرف شاہین نامی افراد کو نامزد کیا گیا ہے جن کے ساتھ مقتولہ کا تنازع چل رہا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔