مستند اعدادوشماراور تحقیق سرطان کے مریضوں کے لیے مفید نتائج کی بنیاد

پشاور میں تقریب۔ماہرین ، اساتذہ اور طلبہ کی شرکت

August 24, 2026 · ہیلتھ

 

بریسٹ کینسر کے عالمی دن پر پشاور میں ایک اہم آگاہی و تحقیقی تقریب منعقد ہوئی،’’مستند اعداد و شمار زندگی بچاتے ہیں، آج کے شواہد بہتر کل کی ضمانت ہیں‘‘ کے موضوع پر اس تقریب کا انعقاد پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے زیرِ اہتمام اور ایم ٹی آئی خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے اشتراک سے خیبر میڈیکل کالج پشاور کے منی آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین، خواتین ارکانِ صوبائی اسمبلی، محققین، ماہرینِ سرطان، طبی ماہرین اور اساتذہ نے شرکت کی۔ مقررین نے بریسٹ کینسر سے متعلق مستند اعداد و شمار کے حصول، تحقیقی سرگرمیوں میں تعاون، بیماری کی بروقت تشخیص اور شواہد پر مبنی طبی سہولیات کی فراہمی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی رکنِ صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا محترمہ آمنہ سردار تھیں۔ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے سرپرستِ اعلیٰ کی حیثیت سے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے،کنسلٹنٹ سرجیکل آنکولوجسٹ اور شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال و ریسرچ کینسر رجسٹری کے سربراہ ڈاکٹر عرفان الاسلام ناصرنے کینسر کے مستند اعداد و شمار کی بنیاد پر بہتر منصوبہ بندی اور علاج کی اہمیت اجاگر کی۔

ا ایسوسی ایٹ میڈیکل ڈائریکٹر و بریسٹ اینڈ جنرل سرجن، خیبر ٹیچنگ ہسپتال ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ارم صابر علی نے صوبے میں مختلف طبی و تحقیقی اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور مشترکہ تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔ میڈیکل آنکولوجسٹ، خیبر ٹیچنگ ہسپتال میںاسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق نے دنیا بھر میں سرطان کے بڑھتے ہوئے اثرات اور تحقیق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں طلبہ اور نوجوان محققین نے بھی شرکت کی اور سرطانِ پستان سے متعلق آگاہی، بچاؤ، تشخیص اور علاج کے حوالے سے اپنی تحقیقی کاوشیں اور نتائج پیش کیے۔
ایسوسی ایٹ پروگرام ڈائریکٹر، موونگ آن آفٹر بریسٹ کینسر (اے بی سی) ڈاکٹر طیبہ کرن نے کم وسائل والے معاشروں میں سرطانِ پستان کے مریضوں میں ذہنی دباؤ سے نمٹنے کے لیے مربوط نفسیاتی و سماجی نگہداشت کے موضوع پر اپنی تحقیق پیش کی۔کمیونٹی ریسرچ ٹیکنالوجسٹ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ پشاور محترمہ ایمن نظام،نے پاکستان میں خواتین اور تیمارداروں کے درمیان سرطانِ پستان سے بچاؤ، آگاہی اور اسکریننگ سے متعلق رویوں کے ابتدائی تحقیقی نتائج پیش کیے۔کمیونٹی ریسرچ اسسٹنٹ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ پشاور، محترمہ جویریہ مختیار، نے دنیا بھر میں سرطانِ پستان سے متعلق آگاہی مہمات اور اقدامات کے جائزے پر تحقیقی نتائج سے آگاہ کیا۔

تقریب کے دوران ماہرین پر مشتمل پینل نے بھی بریسٹ کینسر کی روک تھام، بروقت تشخیص، علاج، تحقیقی خلا اور صحت کے شعبے میں مزید مؤثر اقدامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ پینل میں پروفیسر ڈاکٹر ماہ منیر خان، ؛ پروفیسر ڈاکٹر اقبال حیدر،؛ ڈاکٹر بشریٰ رحمان، وی سی مردان ومن یونیورسٹی محترمہ رضیہ سلطانہ اورریڈی ایشن آنکولوجسٹ، نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر عاطف منورشامل تھے۔

س امر پر اتفاق کیا گیا کہ مستند اعداد و شمار بہتر تحقیق، مؤثر طبی فیصلوں اور مریضوں کے لیے بہتر نتائج کی بنیاد ہیں۔ مقررین نے سرطان کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی تشکیل دینے کے لیے تحقیق، مستند ڈیٹا، بروقت تشخیص اور طبی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔