فیلڈ مارشل عاصم منیر اور محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات، اسلام آباد معاہدہ بحال کرنے پر غور

ایرانی صدر نے کھل کر مؤقف بیان کیا، محسن نقوی، پزشکیان اور عاصم منیر متفق ہیں امریکہ کو پالیسی بدلنا ہوگی، ارنا

August 25, 2026 · اہم خبریں
ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے فیلڈ مارشل عاصم منیر ملاقات کر رہے ہیں

ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے فیلڈ مارشل عاصم منیر ملاقات کر رہے ہیں

محسن نقوی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر سے ملاقات میں ایران امریکا تنازع، مشرق وسطیٰ کی کشیدگی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔

ملاقات کی تفصیل وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پار جاری کیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ایرانی صدر سے ان کی انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، جس میں ایران امریکا تنازع، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور تنازع کے حل کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

محسن نقوی کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا گیا، جس کے نتیجے میں تنازع کے جامع اور مستقل حل کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایرانی صدر نے کھل کر اپنی حکومت کا مؤقف اور خدشات پیش کیے، جبکہ ملاقات کے دوران تمام متعلقہ امور پر نہایت تعمیری اور مثبت تبادلہ خیال ہوا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی اور مذاکرات انتہائی مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات میں پیدا ہونے والی یہ مثبت پیش رفت مستقبل میں مزید پیش رفت اور خطے میں دیرپا امن کی راہ ہموار کرے گی۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور پاکستان کے آرمی چیف عاصیم منیر نے زور دیا کہ امریکہ کو ایران کے حوالے سے اپنی پالیسی تبدیل کرنا ہوگی اور اسلام آباد معاہدے پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا۔ ارنا کے مطابق ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ خطے کو لاحق خطرات کے مقابلے کے لیے اسلامی یک جہتی ضروری ہے۔