محکمہ موسمیات نے 27 اگست سے گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد میں آئندہ ایک سے دو روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے
فائل فوٹو
ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں 27 اگست سے مون سون سرگرمیوں میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں۔ حالیہ سرکاری موسمیاتی بلیٹن میں بھی اسلام آباد اور بالائی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی سرگرمیوں کی پیشگوئی کی گئی ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آئندہ ایک سے دو روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ 27 اگست سے بارش کے دوران تیز ہوائیں بھی چلنے کی توقع ہے۔
کراچی میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ سمندری ہواؤں کی رفتار میں کمی کے باعث شہریوں کو گرمی اور حبس کا سامنا ہے، جبکہ نمی کی زیادہ شرح موسم کی شدت میں اضافہ کر رہی ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی گرمی اور حبس برقرار رہنے کی توقع ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے حالیہ بلیٹن کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں مجموعی طور پر گرم اور مرطوب موسم متوقع ہے، تاہم بالائی علاقوں اور بعض دریائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاط کرنے اور بارش یا تیز ہواؤں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔