پی پی پی کا پمز آتشزدگی کی شفاف تحقیقات، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

دواسپتال بھی مناسب انداز میں نہیں سنبھالے جارہے تووزیر اورحکام کوجواب دہ ہونا چاہیے، نظام چلتا ہوا نظرنہیں آرہا، رہنما

August 26, 2026 · قومی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال اسلام آباد کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی سے 14 نومولود بچوں کی اموات پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پمز اسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان اور سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے انتظامی غفلت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ شیری رحمان نے کہا کہ اگر وفاقی دارالحکومت کے اسپتال بھی مناسب انداز میں نہیں سنبھالے جا رہے تو متعلقہ وزیر اور حکام کو جواب دہ ہونا پڑے گا، کیونکہ پورا نظام ناکام نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جشنِ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر 14 ننھی جانوں کا ضائع ہونا ایک گہرا صدمہ ہے اور بچوں کی حالت اتنی دردناک تھی کہ ان کی شناخت ممکن نہیں رہی۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ سانحے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے متاثرہ والدین کے ساتھ بالکل تعاون نہیں کیا۔ پی پی پی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کو صرف ایک عادي حادثہ کہہ کر ختم نہیں کیا جا سکتا، پورا ملک سراپا احتجاج ہے اور ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف فوری اقدام کیا جانا چاہیے۔