کالعدم دہشت گرد تنظیم کا انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر کراچی سے گرفتار
ہینڈ گرنیڈ اور ایک کلاشنکوف برآمد
کراچی میں سی ٹی ڈی نے کالعدم دہشت گرد تنظیم سے وابستہ ٹارگٹ کلر سید محمد عسکری عابدی کو گرفتار کرلیا۔وفاقی سول حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کی گئی۔
گرفتار دہشت گرد سے ایک ہینڈ گرنیڈ اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی، اس کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک ایڈیشن 10 کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم طویل عرصے سے روپوش تھا اور کراچی میں دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ابتدائی تفتیش میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کے انکشافات ہوئے ہیں۔ ملزم نے اپنے دیگر دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ وہ ساتھیوں کے ہمراہ پہلے ریکی اور پھر نشانہ بناتا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات درج ہیں۔ مزید تفتیش اور جوائنٹ انویسٹی گیشن کا عمل جاری ہے۔ دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔