سہیل آفریدی کی آیت نور کے گھر آمد،والد سے ملاقات،ملزمان کو سخت سزا کی یقین دہانی
خیبر پختونخوا کے عوام اس مشکل وقت میں غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
فوٹو سوشل میڈیا (فیس بک)
ہری پور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ہری پور میں پانچ سالہ آیت نور کے گھر پہنچ کر اس کے والد سے ملاقات کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے آیت نور کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر آیت نور کے والد نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ بچی کے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔ انہوں نے واقعے پر اظہارِ یکجہتی کرنے والے شہریوں اور دیگر افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔
سہیل آفریدی نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اس مشکل وقت میں غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آیت نور صرف اس خاندان کی بچی نہیں بلکہ پورے صوبے کی بچی ہے۔
وزیراعلیٰ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچی کے ساتھ انتہائی سنگین اور ناقابلِ قبول سلوک کیا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کیس میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
والد سے گفتگو کے دوران سہیل آفریدی جذباتی بھی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور ذمہ دار افراد کو ایسی سزا دلانے کی کوشش کی جائے گی جو دوسروں کے لیے عبرت کا باعث بنے۔
وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر انتظامیہ کی موجودگی میں بچے محفوظ نہیں رہ سکتے تو پھر اس نظام کی افادیت پر سوال اٹھتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو بچوں کے تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کی۔
سہیل آفریدی نے عدالتوں سے بھی اپیل کی کہ کیس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے میں مجوزہ چائلڈ پروٹیکشن قانون کو آیت نور سے منسوب کرنے کی تجویز دی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آیت نور کے علاقے میں موجود ہائی اسکول کو بھی بچی کے نام سے منسوب کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ہری پور میں پانچ سالہ آیت نور کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد زیادتی اور قتل کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ بعد ازاں بچی کی لاش ایک کنویں سے برآمد ہوئی۔ واقعے کے خلاف علاقے میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا، جبکہ بچی کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔