پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون کے نئے اسپیل کی پیشگوئی، الرٹ جاری
مون سون کے اس اسپیل کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں کی سطح بلند ہونے کے امکانات کے پیش نظر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔۔حکام
فائل فوٹو
لاہور: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون کے نئے اسپیل کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آج سے 5 ستمبر تک دونوں صوبوں کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پنجاب کے لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ فیصل آباد، چکوال، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر اور ملاکنڈ کے علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بارشوں کے باعث مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو بھی بارش کے دوران احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق مون سون کے اس اسپیل کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں کی سطح بلند ہونے کے امکانات کے پیش نظر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔