پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو عہدہ چھوڑنے کا حکم
نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل ہی ڈاکٹر عمران سکندر دفتر سے روانہ ہوگئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر کو عہدے سے الگ رہنے کی ہدایت کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سانحۂ پمز کی جامع تحقیقات مکمل ہونے تک ڈاکٹر عمران سکندر کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے سے دور رہنے کا کہا گیا ہے، جبکہ وزارت صحت کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل ہی ڈاکٹر عمران سکندر دفتر سے روانہ ہوگئے۔ دفتر چھوڑنے سے پہلے انہوں نے قریبی افسران اور عملے کے ارکان کے ساتھ ملاقات بھی کی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عمران سکندر اپنا ذاتی سامان اور بعض اہم فائلیں ساتھ لے کر دفتر سے گئے۔
پمز میں پیش آنے والے سانحے کی تحقیقات کے تناظر میں انتظامی ذمہ داریوں اور ہسپتال کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔