وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا آیت نور کے والد کو ایک کروڑ روپے امداد،سرکاری ملازمت دینےکااعلان

پٹھان کالونی ہائی اسکول آیت نور کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان

August 29, 2026 · قومی

فائل فوٹو

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پانچ سالہ  آیت نور کے گھر پہنچے، جو زیادتی کے بعد قتل کر دی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ نے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے آیت نور کے والد کو ایک کروڑ روپے کا امدادی چیک دیا اور ڈی سی آفس میں سرکاری ملازمت دینے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلیٰ نے پٹھان کالونی کے ہائی اسکول کو آیت نور کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے ہری پور میں تقریباً دو ارب روپے کی لاگت سے سیف سٹی پروجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص ایسی انسانیت سوز حرکت کرنے کی جرأت نہ کر سکے۔

وزیراعلیٰ نے آیت نور کے قتل کیس کو کامیابی سے ٹریس کرنے پر پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور اس اہم کیس کی تفتیش کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت اور کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ میں مزید ترامیم اور قوانین کو مزید سخت بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ آئندہ اجلاس میں قرارداد پیش کی جائے گی کہ خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن بل کو آیت نور کے نام سے منسوب کیا جائے۔