معارف و مسائل
یَوْمَ تَمُوْرُ السَّمَآئُ… لغت میں مضطربانہ حرکت کو مور کہا جاتا ہے، آسمان کی اضطرابی حرکت جو قیامت کے روز ہوگی یہ اس کا بیان ہے۔
بزرگ کے ساتھ نسبی تعلق آخرت میں بھی نفع دے گا بشرط ایمان:
وَالَّذِینَ اٰمَنُوْا …(یعنی وہ لوگ جو ایمان لائے اور ان کی اولاد بھی ایمان میں ان کے تابع رہی یعنی مومن ہوئی تو ہم ان کی اولاد کو بھی جنت میں انہیں کے ساتھ ملحق کر دیں گے) حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرمؐ نے فرمایا کہ حق تعالیٰ مومنین صالحین کی ذریت و اولاد کو بھی ان کے بزرگ آباء کے درجے میں پہنچا دیں گے، اگرچہ وہ عمل کے اعتبار سے اس درجے کے مستحق نہ ہوں تاکہ ان بزرگوں کی آنکھیں ٹھنڈی ہوں۔ (رواہ الحاکم و البیہقی فی سننہ و البزار وابو نعیم فی الحلیۃ و ابن المنذر و ابن جریر و ابن ابی حاتم ، از مظہری)
اور طبرانی نے حضرت سعید بن جبیرؒ سے روایت کیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ ابن عباسؓ نے فرمایا اور میرا گمان یہ ہے کہ انہوں نے اس کو رسول اکرمؐ سے روایت کیا ہے کہ جب کوئی شخص جنت میں داخل ہوگا تو اپنے ماں باپ اور بیوی اور اولاد کے متعلق پوچھے گا (وہ کہاں ہیں) اس سے کہا جائے گا کہ وہ تمہارے درجیکو نہیں پہنچے (اس لئے ان کا جنت میں الگ مقام ہے) یہ شخص عرض کرے گا اے میرے پروردگار! میں نے جو کچھ عمل کیا وہ اپنے لئے اور ان سب کے لئے کیا تھا تو حق تعالیٰ شانہ کی طرف سے حکم ہوگا کہ ان کو بھی اسی درجے جنت میں ان کے ساتھ رکھا جائے۔ (ابن کثیر) (جاری ہے)