دارالعلوم دیوبند سے پوچھئے

والدہ مرحومہ کیلئے صدقہ جاریہ
سوال: میری والدہ کا انتقال رمضان سے کچھ دن پہلے ہوا ہے، میں ان کیلئے صدقہ جاریہ کے طور پر کیا کروں؟ جیسے کہیں پانی کے لیے پمپ لگوا دیا، اگر کسی چیریٹی والے اسپتال میں ان کے نام سے پرائیویٹ کمرہ بنوا دیا تو ان کا ثواب ان کو کیسے ملے گا؟ پرائیویٹ کمرہ سے تو ان کی آمدنی ہوگی، اگر جنرل وارڈ میں پیسہ لگا دے تو اس میں غریب آتے ہیں اور پرائیویٹ اے سی روم میں تو پورا پیسہ دینے والے آتے ہیں، ہم پیسہ کہاں لگائیں، جس سے والدہ مرحومہ کو زیادہ سے زیادہ ثواب ملے؟
جواب: (1) پانی کے لیے پمپ لگوا دیں۔
(2) اسپتال میں جنرل وارڈ بنوادیں۔
(3) غرباء، فقراء کو دوا علاج کے لیے سہولتیں مہیا کرا دیں، خواہ بغیر پیسے لیے ہو یا کم سے کم پیسے لے کر علاج معالجہ ہو جایا کرے۔
(4) کسی جگہ قرآن کریم اور دینی تعلیم کے لیے مکتب یا مدرسہ بنوا دیں۔
(5) مسجد بنوا دیں۔
(6) قرآن کریم اور دینی کتابیں مکاتب و مدارس میں دیدیں۔
(7) غرباء، فقراء مساکین محتاجوں کی ضرورت کا سامان دیدیں۔
(8) مدارس مساجد مکاتب میں ضرورت کا سامان مہیا کر دیں۔
(فتویٰ: 1174-1052/H=10/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
حسد، غیبت، چغلی اور ریاکاری
سوال: حسد، غیبت، چغلی اور ریاکاری کی تعریف کیا ہے، کسے کہتے ہیں؟
جواب: (1) حسد: تو یہ ہے کہ کسی کو اچھی حالت میں اور اس کی ترقی دیکھ کر جلنا اور کڑھنا۔
(2) غیبت: نام ہے کسی کے پیٹھ پیچھے ایسی بات کہنا کہ اگر وہ سن لے تو اسے تکلیف پہنچے۔
(3) چغلی: یہ ہے کہ کوئی مخفی بات کسی مجلس میں کہی گئی تو کوئی فساد برپا کرنے کے واسطے اس بات کو دوسروں سے کہہ دے۔
(4) ریاکاری: یہ ہے کہ خدا کے لئے عمل نہ کرکے دنیا والوں کو دکھانے کے لئے اپنی شہرت حاصل کرنے اور اپنی ناموری حاصل کرنے کے لئے عمل کرنا۔ اس کی وجہ سے عمل کا اجر و ثواب نہیں ملتا ہے۔ (فتویٰ: 1063-852/B=10/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
ملازمت کیلئے نماز چھوڑنا
سوال : میری ملازمت کی وجہ سے میں رمضان میں کوئی بھی عبادت نہیں کر پار ہاہوں اور دو وقت کی نمازقضا ہورہی ہے ، کیا اس صورت میں میرا روزہ قبول ہوگایا آپ کوئی راستہ بتائیں۔
جواب: آپ کا روزہ تو صحیح ہوجاتا ہے، تاہم دو وقت کی نماز آپ قضا کررہے ہیں اور وہ بھی رمضان المبارک جیسے مہینے میں یہ بڑی محرومی کی بات ہے، اگر آپ اپنی ملازمت اور اس کے اوقات کی تفصیل لکھتے تو ادائے نماز کی صورت لکھ دی جاتی، اب مقامی مفتی صاحب سے ملاقات کرکے تفصیل بتلادیں وہ نماز کی ادائیگی کی صورتیں آپ کو بتلادیں گے، ان کی ہدایات کے مطابق نمازیں ادا کیا کریں۔ (فتویٰ:1170-1039/H=10/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
برے خواب دیکھنا
سوال: مجھے اپنی ماں کے بارے میں بہت خواب آتے ہیں اور کئی بار میں نے خواب میں انہیں برہنہ دیکھا ہے۔ اس کا حل تجویز فرمائیں۔ میں اپنی ماں سے بہت محبت کرتا ہوں۔
جواب: آپ اعوذ باللہ من الشیطان الرجیم کثرت سے پڑھا کریں اور وسوسے پر دھیان نہ دیا کریں، زیادہ سوچا بھی نہ کریں، کام سے کام رکھیں، کبھی برا خواب نظر آجائے اور آنکھ کھل جائے، تو بائیں جانب تین بار تھتکار کے یہ دعا پڑھ لیا کریں: ’’اللّٰہُمَّ اِنِّی اعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّ الشَّیْطَانِ وَ شَرِّ ہٰذِہِ الرّْویا‘‘ اور اس طرح کا خواب کسی سے بیان نہ کریں۔ (صحیح البخاری / باب النفث فی الرقیۃ) (فتویٰ: 1244-1061/sd=10 /1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)

Comments (0)
Add Comment