نذر الاسلام چودھری
بھارتی وزارت دفاع نے دوست ممالک سے گراؤنڈ کر دیئے جانے والے طیاروں کے انجن اور پرزہ جات مفت حاصل کرکے انڈین ایئر فورس کے طیاروں میں جان ڈالنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ ان پرزہ جات اور انجنوں کی اوور ہالنگ سے بھارتی فضائیہ کے ایک درجن اسکوارڈنز کو اگلے بیس برسوں کیلئے کارآمد بنایا جائے گا۔ دفاعی امور کی بھارتی تجزیہ نگار اور لکھاری دیویا آستھانا نے ایک دلچسپ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں کی فراہمی میں مسلسل تاخیر کے پیش نظر بھارتی ایئر فورس چیف نے اعلیٰ دفاعی عہدیداروں سے مشاورت کی اور بھارتی ایئر فورس کے پرانے طیاروں میں نئی جان ڈالنے کا پروگرام بنایا گیا، جس کے تحت اس وقت بھارتی ایئر فورس میں موجود 31 اسکوارڈنز کے 118 جیگوار طیاروں کو اپ گریڈ کیا جا سکے گا۔ ان میں دو سیٹ والے لڑاکا طیارے بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 2024ء میں 31 بھارتی ایئر فورس اسکوارڈنز میں سے 10 اسکوارڈنز ریٹائر ہونے ہیں۔ ان میں روسی ساختہ مگ 21 اور مگ 27 طیارے شامل ہیں۔ بھارتی فضائیہ کے بوڑھے جیگوار طیاروں کو مزید گھسیٹنے کیلئے بھارتی دفاعی وفود نے فرانس، برطانیہ اور عمان کے دورے مکمل کرلئے ہیں اور ان سے جیگوار سیریز کے گرائونڈز کردیئے جانے والے تمام ریٹائرڈ طیاروں کو مانگ لیا ہے، جس میں سے ایک ایک کرکے تمام کار آمد پرزہ جات اور انجنوں کو نکال کر اوور ہال کیا جائے گا۔ ان پرزوں اور انجنوں کی مدد سے انڈین ایئر فورس کے پرانے طیاروں میں نئی جان ڈالی جائے گی۔ بھارتی ایئر فورس کے ذرائع نے بھارتی لکھاری کو بتایا ہے کہ ان کو برطانوی فضائیہ کی جانب سے دو پرانے ٹو سیٹ جیگوار طیارے بالکل فنکشنل حالت میں دیئے جارہے ہیں، جبکہ کئی طیارے بعد میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ رائل ایئر فورس کے اسٹورز میں موجود 619 اسمبلی لائنز بھی بھارت کو دی جا رہی ہیں۔ پیرس کا دورہ کرکے بھارتی ایئر فورس کیلئے پرانا ساز و سامان جمع کرنے والے دوسرے بھارتی وفد نے تصدیق کی ہے کہ فرانسیسی حکام نے ان کو جیگوار طیاروں کے 31 ایئر فریمز دینے سے اتفاق کیا ہے اور 110 پرزہ جات کی لائنز بھی دی گئی ہیں۔ جبکہ عمان کی شاہی فضائیہ سے کی جانے والی بھارتی درخواست بھی رد نہیں کی گئی ہے اور بھارتی ایئر فورس کیلئے عمان نے دو کارآمد جیگوار طیارے، 12 ایئر فریمز، آٹھ کار آمد انجن اور 3,500 لائنز بھی فراہم کرنے کا وعدہ کرلیا ہے۔ انڈین ڈیفنس بلاگ نے ایک اہم مضمون میں انکشاف کیا ہے کہ سب سے پہلے برطانیہ، اس کے بعد عمان اور فرانس کا دورہ کرنے والے بھارتی دفاعی وفود نے جب ان ممالک کی فضائیہ سے اس ضمن میں پرانے طیارے، پرزہ جات اور اسمبلی لائنز طلب کیں تو ان ممالک نے تمام پرزہ جات اور پرانے طیاروں کو ’’برائے مفت‘‘ فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ البتہ بھارتی حکومت یا فضائیہ سے کہا گیا ہے کہ ان پرانے طیاروں، اسمبلی لائنز اور پرزہ جات کے کریٹس کو بھارتی حکومت کے خرچہ پر اُٹھایا جائے، کیونکہ وہ ساز و سامان مفت میں دے رہے ہیں۔ دفاعی افق پر مخصوص بھارتی حلقوں میں شائع ہونے والے آن لائن جریدے پراگتی نے بتایا ہے کہ بھارتی حکومت کے وفود کو پرانے پرزہ جات اور طیاروں اور متعلقہ آلات کی مفت فراہمی کے برطانوی، فرانسیسی اور عمانی فضائیہ کے اعلان نے بھارتی حکومت اور فضائیہ کی باچھیں کھلا دی ہیں۔ ان پرانے پرزہ جات اور طیاروں کو بھارت پہنچانے کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عمانی، برطانوی اور فرانسیسی فضائیہ میں جیگوار طیاروں کے کئی فلیٹس اور اسکوارڈنز کو 2005ء اور 2007ء کے درمیان فضائیہ سے فارغ قرار دے دیئے گئے تھے، جس کے بعد سینکڑوں طیارے اور ان کے تمام پرزہ جات کو اسٹور کردیا گیا تھا۔ بھارتی فضائیہ کے ایک اعلیٰ افسر کا دعویٰ ہے کہ فرانس، برطانیہ اور عمانی فضائیہ سے ملنے والے پرزہ جات کی مدد سے جب ہم 118جیگوار طیاروں کو اوور ہال کرکے نیا نکور کرلیں گے تو یہ طیارے بھارتی فضائیہ کیلئے 2035 تک اڑانیں بھر سکیں گے۔ بھارتی دفاعی تجزیہ نگار دیویا آستھانا نے بتایا ہے کہ مگ سیریز کے تمام روسی ساختہ طیاروں کو خود روسی اداروں نے بھی اوور ہال کرکے نئے بنانے سے انکار کردیا ہے، جبکہ خود بھارتی ایئر فورس کے مختلف کمانڈرز اور ایئر چیفس کی جانب سے ان کی اوور ہالنگ سے بھی احتراز کیا جارہا ہے، کیونکہ بھارتی فضائیہ میں موجود مگ سیریز کے روسی ساختہ طیاروں کو ’’فضا میں اُڑتے تابوت‘‘ کہا جاتا ہے۔ لیکن ان دس مگ اسکوارڈنز کی 2024 میں یقینی ریٹائرمنٹ کے بعد بھارتی فضائیہ کے موجود 31 اسکوارڈنز کی تعداد محض 21 رہ جائے گی، جو بھارتی ایئر چیف کے مطابق خود بھارت کی قومی سلامتی کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے اور اکیس اسکوارڈنز کی مدد سے بھارتی ایئر فورس پاکستان کی طاقت ور فضائیہ کیخلاف کوئی جنگ چھیڑنا تو کجا کسی قسم کی مہم جوئی تک نہیں کرسکتا۔ جبکہ فرانس سے جدید ترین رافیل طیاروں کی 60 ہزار کروڑ بھارتی روپے کی ڈیل اس لئے بھی بھارتی فضائیہ کیلئے طاقت کا انجکشن نہیں لگا سکتی کہ فرانس نے بھارتی فضائیہ کو انتہائی مہنگے طیارے محض36 عدد کی تعداد میں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جو 2022ء تک فراہم کئے جائیں گے۔
٭٭٭٭٭