سنتوں کی قضاء نہیں
سوال: کسی بھی نماز کی سنتیں یا نفل کی قضا ہوتی ہے؟ نفل کی کتنی رکعات ایک ساتھ پڑھ سکتے ہیں؟ اور کیا نفل کی جماعت ہوتی ہے؟ جیسے صلاۃ التسبیح وغیرہ۔
جواب: (1) نفل یا سنت کی قضا نہیں ہوتی، ہاں اگر نفل یا سنت کی نیت باندھ کر پھر بیچ میں نماز توڑ دیا تو اس کی قضا کرنی ہوگی۔ فجر کی فرض نماز قضا ہوگئی تو زوال سے پہلے پہلے ادا کرنے کی صورت میں سنت کی قضا بھی کریں گے، زوال کے بعد صرف فرض پڑھیں گے، سنت کی قضا نہیں ہے۔
(2) دن میں چار رکعت سے زیادہ ایک سلام سے پڑھنا اور رات میں آٹھ رکعت سے زیادہ پڑھنا مکروہ ہے۔ (الدر مع الرد: ج 2 ص 455)
(3) جائز نہیں، تداعی کے ساتھ مکروہ ہے۔ (الدر مع الرد: ج2ص288)
(فتویٰ : 1076-962/D=10/ 1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
جوئے میں رقم لگانا
سوال: میں جو کماتا ہوں وہ اپنے والد صاحب کو دے دیتا ہوں، لیکن میرے والد ان پیسوں کو جوا یا سٹے میں لگا دیتے ہیں، اگر جیت گئے تو گھر کے استعمال میں لاتے ہیں، اسی میں سے میری بیوی اور میں دونوں کھاتے ہیں، کیا ہمارا کھانا حلال ہے؟
جواب: جوا اور سٹہ شرعاً حرام ہے، جوئے اور سٹے سے حاصل آمدنی حرام ہے، اگر وہ صرف ایسی ہی رقم سے آپ لوگوں کے لیے کھانے وغیرہ کا انتظام کرتے ہیں یا حرام مال غالب ہے تو آپ لوگوں کے لیے کھانا جائز نہیں اور اگر اس کے علاوہ بھی ان کے پاس حلال آمدنی ہے اور وہ غالب ہے تو پھر کھانے کی گنجائش ہوگی اور بہر صورت آپ اپنے والد کو سمجھائیں کہ وہ حرام کام کو ترک کر دیں، عدمِ ترک کی صورت میں آپ اپنی کمائی کی رقم سے اپنے کھانے وغیرہ کا نظم کریں۔ (فقہ البیوع 2: 1052) (فتویٰ :593-822/L=7/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
اذان جمعہ کے بعد کاروبار بند کریں
سوال: جمعہ کی اذان ہونے پر کیا کاروبار بند کرنا ضروری ہے؟ ہم دو بھائی ہیں، اذان ہونے پر ایک بھائی نماز کو جاتا ہے، پھر اس کے آنے کے بعد میں دوسری مسجد میں نماز کو جاتا ہوں۔
جواب: جس شخص کا جس مسجد میں نماز جمعہ پڑھنے کا ارادہ ہو، اس پر اسی مسجد کی پہلی اذان ہو جانے کے بعد خرید و فروخت وغیرہ کرنا ممنوع ہوگا، لہٰذا صورت مسئولہ میں اگر ایک دکان پر آپ دو بھائی بیٹھتے ہیں اور دونوں الگ الگ مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کرتے ہیں، توآپ دونوں میں سے جس کا جس مسجد میں نماز پڑھنے کا ارادہ ہو، اس کی پہلی اذان ہونے کے بعدوہ خرید و فروخت بند کر دے اور دکان سے اٹھ کر نماز کی تیاری شروع کردے، پھر نماز سے فارغ ہو کر دکان پر بیٹھ جائے اور دوسرا بھائی اپنی مسجد کی اذان کے وقت نماز کی تیاری شروع کردے، شرعاً ایسا کرنا جائز ہے، اس دوران دکان بند کرنا ضروری نہیں ہے۔ (الدر المختار مع رد المحتار، قبیل باب شروط الصلاۃ، احسن الفتاویٰ 4/119) (فتویٰ: 471-384/sd=5/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
کھلی چھت پر کبوتر پالنا
سوال: کیا کھلی چھت پر آزاد پروں میں کبوتر پال سکتے ہیں؟
جواب: کھلی چھت پر آزاد پروں میں کبوتر پال سکتے ہیں، اس میں حرج نہیں، البتہ اس کا خیال ضروری ہے کہ پڑوسی کو اس کی وجہ سے کسی قسم کی اذیت نہ پہنچے اور کبوتروں کے دانہ پانی کا بھی خیال رکھیں۔ (فتویٰ :520-465/M=5/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
مالی جرمانہ عائد کرنا
سوال: دس آدمیوں کی ایک کمیٹی ہے، ایک ان کا ذمہ دار ہے، جس کا یہ کام ہے کہ ماہانہ ہر ایک سے ہزار روپے جمع کرتا ہے اور پھر سب کے نام کی پرچی ڈالتا ہے، جس نام آتا ہے وہ ذمہ دار سب سے پیسے اکھٹے کرکے اس کو دیدیتا ہے، اس اکھٹے کرنے میں ایک نہ ایک ممبر وقت پر پیسے نہیں دے پاتا یعنی پیسے اکھٹے کرنے کی ایک تاریخ متعین ہوتی ہے، اب اس ذمہ دار کو بڑی پریشانی ہوتی ہے، کبھی تو اس کو اپنے پاس سے دینے پڑتے ہیں اور کبھی مالک کو ہی دیر سے جاتے ہیں، کیا نظم کو قائم کرنے کے لئے وقت پر پیسے نہ دینے والے پر کچھ جرمانہ رکھ سکتے ہیں؟ پیسوں یا کسی سامان کی شکل میں یا کوئی اور صورت ہو تو اس دے مطلع فرمائیں۔ ہم آپ کے مشکور ہیں۔
جواب: صورت مسئولہ میں کسی ممبر کے وقت پر پیسے نہ دینے کی صورت میں اس پر رقم یا سامان کی شکل میں جرمانہ عائد کرنا شرعاً جائز نہیں ہے، ممبران اگر وقت پر پیسے نہ دیتے ہوں تو کمیٹی تحلیل کردی جائے اور وہ چلائی ہی نہ جائے۔ (فتویٰ : 577-454/SN=5/1439، دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند)
٭٭٭٭٭