بدو کے لئے اسلام کا تعارف

حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ ہم کو ممانعت کردی گئی تھی کہ رسول اقدسؐ سے (بلا خاص ضرورت کے) کچھ پوچھیں۔ اس وقت ہمیں اس بات سے خوشی ہوئی تھی کہ کوئی سمجھدار بدوی حضور اکرمؐ کی خدمت میں آئے اور آپ سے کچھ پوچھے اور ہم سنیں۔
انہی دنوں ایک بدوی خدمت نبوی میں حاضر ہوا اور عرض کی: اے محمد!
آپ کا قاصد ہمارے پاس پہنچا تھا۔ اس نے ہم سے بیان کیا کہ آپ کا کہنا ہے خدا نے آپ کو اپنا رسول بنا کر بھیجا ہے؟
حضور اکرمؐ نے فرمایا: اس نے تم سے ٹھیک کہا۔
اس کے بعد اس بدوی نے کہا: ’’آپ بتلایئے کہ آسمان کس نے بنایا ہے؟‘‘
آپؐ نے فرمایا: اللہ نے۔
اس نے کہا: زمین کس نے بنائی؟
آپؐ نے فرمایا: اللہ نے۔
اس نے کہا: زمین پر یہ پہاڑ کس نے کھڑے کیے ہیں اور ان پہاڑوں میں اور جو کچھ بنا ہے، وہ کس نے بنایا ہے؟
آپؐ نے فرمایا: اللہ نے۔
اس کے بعد سائل نے آپؐ سے پوچھا: پس قسم ہے اس ذات کی جس نے آسمان بنایا، زمین بنائی اور اس پر پہاڑ نصب کیے، کیا اللہ ہی نے آپ کو بھیجا ہے؟
آپؐ نے فرمایا: بے شک مجھے اللہ ہی نے بھیجا ہے۔
پھر اس نے کہا: آپ کے قاصد نے ہم سے یہ بھی بیان کیا کہ ہم پر دن رات میں پانچ نمازیں فرض ہیں۔ حضورؐ نے فرمایا: اس نے تم سے ٹھیک کہا۔
اس نے کہا قسم ہے آپ کے بھیجنے والے کی، کیا اللہ نے ہی آپ کو ان نمازوں کا حکم کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں! یہ اللہ ہی کا حکم ہے۔
پھر بدوی نے کہا: آپ کے قاصد نے بیان کیا ہے کہ ہمارے مالوں میں زکوٰۃ بھی مقرر کی گئی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: یہ بھی اس نے تم سے سچ کہا۔ اعرابی نے کہا: تو قسم ہے آپ کے بھیجنے والے کی… کیا اللہ نے آپ کو اس کا حکم کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں! یہ بھی اللہ ہی کا حکم ہے۔
پھر اس بدو نے کہا کہ: آپ کے قاصد نے بیان کیا تھا کہ سال میں ماہ رمضان کے روزے بھی ہم پر فرض ہوئے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ بھی اس نے سچ کہا۔ اعرابی نے عرض کیا: تو قسم ہے آپ کے بھیجنے والے کی۔ کیا اللہ نے
آپ کو اس کا حکم دیا ہے؟ آپ نے فرمایا: ہاں! یہ بھی اللہ ہی کا حکم ہے۔اس کے بعد بدو نے کہا: آپ کے قاصد نے ہم سے یہ بھی بیان کیا کہ ہم میں سے جو حج کے لیے مکہ پہنچنے کی استطاعت رکھتا ہو، اس پر کعبہ کا حج فرض ہے؟ آپؐ نے فرمایا: یہ بھی اس نے سچ کہا۔(راوی کا بیان ہے کہ) یہ سوال و جواب ختم کرکے وہ اعرابی چل دیا اور کہا ’’اس ذات کی قسم! جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ مبعوث فرمایا ہے۔ میں ان میں نہ کوئی زیادتی کروں گا اور نہ کوئی کمی۔‘‘رسول اقدسؐ نے فرمایا: ’’اگر یہ اپنی بات میں سچا ہے تو ضرور جنت میں جائے گا۔‘‘
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment