سدھارتھ شری واستو
الاسکا ایئر لائنز کا مسافر بردار ٹربو جیٹ طیارہ چُرانا امریکی نوجوان کیلئے موت کا پھندا ثابت ہوا۔نائن الیون طرز کے حملے سے بچنے کیلئیجیٹ طیارے کے پیچھے F-15 بھیجا گیا، جس نے نوجوان سے جبری لینڈنگ کرانے کی کوشش کی، تاہم اس دوران طیارہ پھٹ گیا۔ مرنے والا نوجوان ایئر لائنز کا سب انجینئر تھا، جو تنہا فضائی سفر کے مزے لوٹنے کی خواہش رکھتا تھا۔ امریکا کی الاسکا ایئر لائنز کا مسافر بردار ٹربو جیٹ طیارہ چُرا کر سب انجینئر خاموشی سے پرواز کرگیا تھا۔ 29 سالہ امریکی کے بارے میں الاسکا ایئر لائنز سمیت ایئر پورٹ ایئر ٹریفک کنٹرولز نے طیارہ اغوا کا خدشہ ظاہر کیا۔ حکام کو خدشہ تھا کہ یہ کسی خودکش مشن پر کارروائی کیلئے طیارہ چرا لے گیا ہے۔ رات آٹھ بجے کے قریب اس کی جانب سے غیر قانونی ٹیک آف کی کارروائی میں امریکی افواج اور فضائیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ نئے نائن الیون سے خوفزدہ امریکی حکام نے طیارہ چرائے جانے کی اطلاع کے بعد پوری ریاست میں ایمر جنسی نافذ کردی اور کسی بھی دوسرے جہاز کو یا اس ایئر پورٹ سے روانگی کیلئے تیار تمام جہازوں کے ٹیک آف پر پابندی عائد کردی۔ طیارہ چوری ہونے کے بعد اس ایئر پورٹ پر پرواز کیلئے تیار چالیس سے زیادہ طیاروں کو پرواز سے روک کر ہزاروں مسافروں کو واپس لائونج میں پہنچا دیا گیا، جس سے افراتفری پھیل گئی اور لوگ ایک دوسرے سے پوچھنے لگے کہ ماجرا کیا ہے۔ اس اطلاع اور خدشات کے اظہار کے بعد امریکی فضائیہ کے ایک ایف 15 فائٹر جیٹ طیارے کو فوری طور پر چرائے جانے والے مسافر بردار طیارے کو ٹریس کرنے اور اس کو مجبور کرکے کسی نزدیکی ایئر پورٹ پر اُتارنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے بتایا ہے کہ جب امریکی فضائیہ کے ایک طیارے نے فوری طور پر اس مسافر بردار ٹربو جیٹ طیارے کو ٹریس کیا تو یہ نوجوان پائلٹ اس طیارے کو اٹلانٹا کے قریبی جزیرے کی جانب لے جا رہا تھا، لیکن اسی اثنا میں امریکی نوجوان جہاز کو قابو نہیں کرسکا اور طیارہ متضاد اطلاعات کے مطابق فضا میں ہی پھٹ گیا یا زمین پر گر کر تباہی کا شکار ہوگیا۔ واضح رہے کہ اس اس جہاز میں سرپھرے نوجوان کے علاوہ کوئی مسافر نہیں تھا۔ امریکی میڈیا نے اس سلسلہ میں یہ بات نہیں بتائی ہے کہ آیا ممکنہ خود کش مشن کیلئے پرواز کرنے والا یہ طیارہ امریکی فضائیہ کے F-15 طیارے کی جانب سے میزائل یا سائنڈو ونڈر راکٹس کے حملے میں تباہ ہوا۔ امریکی حکام اس نکتہ پر بھی تفتیش کا دائرہ وسیع کررہے ہیں کہ آیا یہ نوجوان نائن الیون کی طرز پر بڑے پیمانے پر کوئی تباہی تو نہیں مچانا چاہتا تھا۔ ایک اعلیٰ سیکورٹی اہلکار نے امریکی جریدے سیٹل ٹائمز کو بتایا کہ یہ خود کش مشن بھی ہوسکتا تھا لیکن اب تک کی اطلاع کے مطابق پتا چلا ہے کہ نوجوان ایک تنہا فضائی سفر کا لطف اُٹھانا چاہتا تھا لیکن یہ سواری یا جہاز اڑانے کا تجربہ اس کو کافی مہنگا پڑا ہے۔ عینی شاہدین کا اس سانحہ کے ضمن میں کہنا ہے کہ انہوں نے اس جہاز کو پرواز کے بعد فضا میں اڑنے کے دوران گھومتے، قلابازی کھاتے اور کرتب بازی کا مظاہرہ کرتے دیکھا۔ لیکن بعض عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ اس جہاز کو مقامی جزیرے کے اوپر پرواز کے دوران فضا میں آگ لگ گئی تھی اور زمین پر آگرا، جس سے دھماکہ ہوگیا۔ مطلب یہ کہ اس جہاز کو کسی دوسرے جہاز سے گرادیا گیا تھا۔ الاسکا ایئر لائنز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نوجوان ایئر لائنز ہوریزون کا ایک ٹیکنیشن تھا۔ ادھر امریکی میڈیا نے بتایا ہے کہ اس واقعہ کے بعد مریکا بھر میں امریکا بھر کی فضائی نگرانی کا عمل چوکس کر دیا گیا ہے اور تمام اقسام کی فلائنگ مشینوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ امریکی جریدے یو ایس اے ٹوڈے کا کہنا ہے کہ واقعہ سیٹل ٹاکوما انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر ہفتے کو علی الصباح پیش آیا جب ایک ٹیکنیشن یا سب انجینئر نے 76 سیٹوں والا ٹربو جہاز چرالیا۔ یہ نجوان ایئر پورٹ پر فضائی کمپنی اٹلانٹا ایئر لائنز کا ملازم تھا۔ اس بارے میں امریکی تفتیشی حکام کا ماننا ہے کہ جہاز کا چرایا جانا ایک حیرت انگیز واقعہ ہے کیونکہ جہاز کو کوئی فرد چرا نہیں سکتا۔ جہاز میں گھسنا، اس کے کاک پٹ میں گھس جانا اور اس کو اسٹارٹ کرنا اور رن وے پر لے آنا کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں مقامی پائیرس کائونٹی کے متعلقہ حکام اور سیکورٹی افسران کا کہنا ہے کہ یہ کوئی بڑا سانحہ تھا، جو رونما نہیں ہوسکا۔ اس نوجوان کے بارے میں امریکی تفتیش کاروں نے بتایا ہے کہ وہ طیارہ اڑانے والے کسی مشاق پائلٹوں کی طرح اس جہاز کو دیگر جہازوں کے درمیان سے نکال لایا اور اس کو رن وے پر مزے سے دوڑا نے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے فضا میں ٹیک آف کرگیا جس سے ایئر ٹریفک حکام کی دوڑیں لگ گئیں اور ایئر ٹریفک حکام نے اس سے رابطہ کیا تو اس نے بڑے مزے سے اپنی کارستانی کے بارے میں بتایا کہ وہ بہت خراب لڑکا ہے اور جہاز کو ایک مشن پر لے جا رہا ہے۔ بعد ازاں ایئر ٹریفک کی جانب سے خود کو باتوں میں لگائے جانے کے دوران اس نے کہا کہ وہ پائلٹ کی نوکری حاصل کرنا چاہتا ہے اورجس طرح مزے سے اس نے جہاز کو ٹیک آف کیا ہے اسی طرح وہ جہاز کو واپس کسی اور رن وے پر اُتارنا بھی چاہتا ہے اور جب لینڈنگ کرنے میں کامیابی حاصل کرلے گا تو ایک پائلٹ کے طور پر نوکری حاصل کرے گا۔ اس نے دنیا میں بہت دھوکے کھائے ہیں اور بہت سارے لوگوں سے دوستیاں کی ہیں اور ان سے دوستی نبھائی ہے، لیکن اس سے کسی نے وفا نہیں کی۔
٭٭٭٭٭