حج آپریشن کے اختتام پر ٹکٹوں کی قیمت دگنی ہوگئی

مرزا عبدالقدوس
حج آپریشن کے اختتام کے دن قریب آتے ہی ٹکٹوں کی قیمتیں دگنی ہوگئی ہیں۔ مجاملہ ویزہ کے حامل افراد کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر ٹکٹ مہنگے داموں فروخت کئے جا رہے ہیں، جس میں بڑے ٹریول ایجنٹس ملوث ہیں۔ جبکہ ایک نجی ایئر لائن پر پابندی کے بعد جہازوں کی کمی بھی فلائٹس ملنے میں دشواری کا سبب بن رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پندرہ اگست کو رات بارہ بجے تک کسی بھی دوسری ایئر لائن کی آخری پرواز سعودی ایئر پورٹس پر لینڈ کر سکے گی، جبکہ سعودی ایئرلائن کیلئے آخری تاریخ سترہ اگست ہے، جس کے بعد سعودی ایئرلائن کی بھی کوئی پرواز حجاج کو لے کر نہیں جائے گی۔ ماضی میں چند گھنٹے کی تاخیر پر سعودی ایوی ایشن کی جانب سے پی آئی اے اور نجی ایئر لائن شاہین ایئر کو جرمانے بھی کئے جا چکے ہیں۔ حج پروازوں کی اختتامی پروازوں کی وجہ سے بہت سے ایسے افراد جن کے حج ویزے (مجاملہ) لگ چکے ہیں، کو ٹکٹ لینے میں دشواری کا سامنا ہے اور تیس فیصد اضافی رقم دے کر وہ ٹکٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔ شاہین ایئرلائن کو صرف حج آپریشن کیلئے فلائٹس چلانے کی اجازت ہے۔ اس کی دیگر عالمی اور ڈومیسٹک پروازوں پر سول ایوی ایشن نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔
معتبر اور ذمہ دار ذرائع نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’’امت‘‘ کو بتایا کہ پاکستان میں سعودی سفارتخانے سے مجاملہ ویزہ، جو سعودی سفیر کا ذاتی اختیار ہے، اس سال ڈھائی لاکھ روپے تک میں فروخت ہوا ہے اور یہ ویزے سفارتخانے کا عملہ باہمی ملی بھگت سے سفیر کی آنکھوں میں دھول جھونک کر فروخت کرتا ہے۔ ان ذرائع جن کا سعودی سفارت خانے سے قریبی رابطہ رہتا ہے، نے ’’امت‘‘ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ملی بھگت میں پاکستانی اور سعودی شہری ملازمین ملوث ہیں، جو پاکستان کی اہم شخصیات کا نام استعمال کر کے فائل تیار کرتے ہیں اور سعودی سفیر سے ان لوگوں کے مجاملہ ویزے کی منظوری حاصل کر لیتے ہیں، جن سے وہ بھاری رقم بٹورتے ہیں۔ ایئر ٹکٹنگ سے وابستہ ذرائع کے مطابق وہ مختلف طریقوں سے سعودی سفیر تک یہ بات پہنچانے کی کوشش کرتے رہے ہیں، لیکن اس کا نوٹس نہیں لیا گیا۔ ان ذرائع کے مطابق چونکہ اس سال سعودی حکومت نے اپنے سفیر کو گزشتہ برسوں کی نسبت زیادہ ویزے جاری کرنے کی منظوری دی ہوئی تھی، اس لئے اس سال بھاری رقم لے کر ویزے جاری کرنے کا کام بڑے پیمانے پر ہوا اور اگر سعودی سفیر ان افراد کے بارے میں معلومات حاصل کریں، جن کو ان کی منظوری سے ویزے جاری ہوئے تو ازخود بہت سے راز ان پر منکشف ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ مجاملہ ویزہ حاصل کرنے والے حجاج کو اپنے ٹکٹ کا بندوبست خود کرنا ہوتا ہے۔ مجاملہ ویزے حج سے عموماً دو تین ہفتے پہلے لگنا شروع ہوتے ہیں جب حج آپریشن شروع ہو چکا ہوتا ہے اور ایئرلائنز سے ٹکٹ کا حصول مشکل ہوتا ہے۔ تاہم مجاملہ حاصل کرنے والے حجاج کی مجبوری کا فائدہ اٹھا کر ایئرلائنز مہنگا ٹکٹ فروخت کرتی ہیں۔ ایک
ٹریول ایجنٹ جو سال بھر عمرہ اور پھر حج کیلئے ایئر ٹکٹ فروخت کرتے ہیں، نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ان دنوں سعودی عرب کا ریٹرن ٹکٹ 155,000 روپے، پی آئی اے کا 138,000 روپے اور ایئر بلیو کا تقریباً ایک لاکھ روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ چند ہفتے پہلے تک یہی ٹکٹ 65 سے 70 ہزار روپے میں دستیاب تھا۔ اس ذریعے کے مطابق شاہین ایئرلائن کی کمرشل پروازوں پر پابندی ہے اور صرف حج آپریشن کی اجازت ہے۔ اس وجہ سے بھی سعودی عرب جانے والی پروازوں میں کمی ہوئی ہے اور لوگ مہنگے ٹکٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔ اس ذریعے کے مطابق جب ماضی میں پاکستان میں سعودی سفیر علی سعیدالعسیری تعینات تھے تو اس موقع پر وہ سعودی ایئر لائن کی اضافی فلائٹس کا بندوبست آناً فاناً کر دیتے تھے، لیکن یہ باتیں اب قصہ ماضی ہو چکی ہیں۔ پی آئی اے کے جہاز پہلے ہی کم ہیں، اس لیے حجاج کو مشکلات تو ہیں لیکن یہ تاثر درست نہیں کہ ٹکٹ مل نہیں رہا۔ ٹکٹ مل رہا ہے لیکن مہنگا مل رہا ہے اور ایئر لائنز فائد اٹھا رہی ہیں۔ پنجاب کے ایک ٹریول ایجنٹ نے ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے اس امر کی تصدیق کی کہ مجاملہ ویزے ڈھائی لاکھ روپے تک میں فروخت ہوتے ہیں اور ان کے ادارے سے ڈھائی لاکھ روپے فی کس مجاملہ ویزے خریدنے والے تین افراد نے چند دن قبل ٹکٹ خریدے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں ٹکٹ کا مہنگا ہونا یا ٹکٹ کے حصول کیلئے تھوڑی بہت تگ و دو کرنا اس لئے بھی ہے، کیونکہ حج کو ایک ہفتہ رہ گیا ہے۔ یہ اب ہر سال کا معمول ہے۔ اس میں اس شعبے سے وابستہ افراد کے لیے حیرت کی کوئی بات نہیں کیونکہ ایئرلائنز اور تمام بڑے ٹریول ایجنٹس کو معلوم ہوتا ہے کہ اگلے ہفتہ دس دنوں میں مزید کتنے افراد نے سعودی عرب کے ٹکٹ کے لیے ان سے رجوع کرنا ہے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اعداد و شمار وہ اپنے ذرائع سے حاصل کر لیتے ہیں اور ٹکٹ مہنگا کر دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چند دن قبل انہوں نے جدہ کا ریٹرن ٹکٹ ایک لاکھ تیس ہزار روپے میں فروخت کیا ہے دو ہفتے پہلے یہ ریٹ ایک لاکھ پانچ ہزار روپے کا تھا۔ اس سے پہلے ریٹ اور بھی کم تھے، لیکن جیسے جیسے حج فلائٹس بند ہونے کے دن آتے ہیں ٹکٹ مہنگا ہوتا چلا جاتا ہے۔٭
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment