ہالینڈ میں گستاخانہ مقابلے رکوانا عمران حکومت کے لئے بڑا چیلنج

مرزا عبدالقدوس
اگلے ماہ ہالینڈ میں منعقد ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کیخلاف نگران حکومت کے کمزور احتجاج پر دینی جماعتوں نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مذہبی رہنمائوں نے اب اس کیس کو عمران خان کی حکومت کے لئے پہلا اصل چیلنج اور امتحان قرار دیتے ہوئے اسے سخت موقف اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ موجودہ نگران حکومت کی بے حسی اور آنے والی حکومت کو درپیش چیلنج سے آگاہ کرنے کیلئے شباب اسلامی پاکستان اور بزم اسلام نے عوامی ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کی آخری منزل ہالینڈ کا سفارتخانہ ہوگا۔ جبکہ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی عیدالاضحی کے فوراً بعد اپنا اجلاس منعقد کرکے اس سلسلے میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرے گی۔ شباب اسلامی پاکستان کے امیر مولانا مفتی محمد حنیف قریشی اور تمام مکاتب فکر اور مسالک کے ممتاز علمائے کرام اور شخصیات پر مشتمل رابطہ کمیٹی کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ کے مطابق نگران حکومت نے محض خط لکھ کر اور ہالینڈ کے سفیر کو بلا کر جو احتجاجی مراسلہ پیش کیا، وہ ناکافی تھا۔ نگران حکومت اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے میں قطعاً ناکام رہی ہے۔ لیکن نئی حکومت کو ابھی سے اپنی اس سلسلے میں اہم ذمہ داری کا احساس کرنا چاہئے۔ پاکستان کے مسلمان ناموس رسالت کے بارے میں بہت حساس ہیں۔ اگر عمران خان کی حکومت نے رسمی خطوط اور احتجاج سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات نہ کئے تو ملک گیر احتجاج حکومت کو مجبور کر دے گا کہ وہ ہالینڈ کی بنی اشیا کی درآمد پر فوری پابندی لگائے اور ہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کر کے دیگر اسلامی ممالک کے لئے مثال بنے اور او آئی سی ممالک کو اس طرح کے اقدامات اٹھانے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کرے۔
واضح رہے کہ ہالینڈ کی فریڈم پارٹی کے ملعون سربراہ گیرٹ ولڈر نے چند ماہ پہلے ستمبر کے دوسرے ہفتے میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کرانے کا اعلان کیا تھا۔ موجودہ نگران حکومت نے ہالینڈ کے سفیر اور یورپی یونین کے سفیر جو کہ اٹھائیس یورپی ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں، کو طلب کرکے اس مقابلوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رسمی احتجاج کیا تھا۔ اسی طرح نگران وزیر خارجہ حسین عبداللہ ہارون نے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کو احتجاج کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خط لکھ کر اپنی ذمہ داری پوری کر دی جس کے بعد خاموشی چھاگئی اور نگران حکومت نے آئندہ کا لائحہ عمل نئی حکومت پر چھوڑ دیا۔ امکان ہے کہ اسی ہفتے عمران خان کی قیادت میں نئی حکومت کا قیام عمل میں آجائے گا اور اس کیلئے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے رکوانا پہلا اور اہم چیلنج ہوگا۔
متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’نئی حکومت سے ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس حساس معاملے میں مسلمانان پاکستان کے جذبات کو سمجھتے ہوئے ہالینڈ کے ساتھ سخت رویہ اپنائے گی۔ گستاخانہ خاکے عالمی سطح پر پُر امن فضا کو خراب کرنے کی غیر مسلموں کی کوشش ہے، جس میں قادیانی پیش پیش ہیں۔ آج سے 17/18 سال پہلے ڈنمارک سے یہ سلسلہ شروع ہوا تھا اور اس کے پس پردہ قادیانی تھے۔ ہم نے تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد بلایا ہے۔ سات ستمبر پاکستان میں قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے حوالے سے بھی تاریخی اہمیت کا حامل دن ہے، اب ستمبر میں ہی یہ گستاخانہ مقابلے ہو رہے ہیں۔ ہمارے اجلاس کے دن تک پی ٹی آئی حکومت جسے یہ پہلا اصل اور حقیقی چیلنج درپیش ہے، اس کا اس بارے میں موقف بھی سامنے آجائے گا۔ تمام مکاتب فکر کی نمائندہ رابطہ کمیٹی اس تناظر میں اپنا آئندہ کا لائحہ عمل بنائے گی۔ تحفظ ناموس رسالت کے لئے پہلے بھی غیرت مند اور باحمیت مسلمانوں نے اپنا خون دیا ہے اور اب بھی وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بنیادی طور پر ہم پی ٹی آئی حکومت سے مطالبہ کریں گے کہ وہ ہر سطح پر ہالینڈ کا بائیکاٹ کرے اور اس کے خلاف اسلامی دنیا میں تحریک کی قیادت کرے‘‘۔
شباب اسلامی پاکستان اور بزم اسلام نے کل بروز جمعہ راولپنڈی میں آمنہ مسجد سے ایک بڑی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ کے بعد راولپنڈی سے اسلام آباد میں ہالینڈ کے سفارتخانے تک ریلی نکالی جائے گی، جس کی قیادت بزرگ مذہبی شخصیات اور علمائے کرام کریں گے۔ شباب اسلامی پاکستان کے امیر مفتی محمد حنیف قریشی نے ’’امت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے نگران حکومت کے اقدامات کو انتہائی ناکافی قرار دیا اور کہا کہ نئی حکومت کے لئے اب یہ بڑا چیلنج ہے اور عمران خان، ان کی ٹیم کے لئے امتحان ہے۔ اگر عمران خان اس امتحان میں کامیاب ہوگئے اور ہالینڈ کے خلاف حکومت پاکستان نے سخت اقدامات کئے اور عالم اسلام کی قیادت کرتے ہوئے انہیں بھی قائل کرلیا تو ہم ان کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی حکومت عاشقان مصطفیٰ کا دل جیتنے میں کامیاب ہوگی اور ان کی حکومت کی کارکردگی بھی بہتر رہے گی۔ ایک سوال پر مفتی محمد حنیف قریشی نے کہا کہ ’’ہالینڈ حکومت کی ان گستاخانہ مقابلوں کے انعقاد کو سرپرستی حاصل ہے۔ کیونکہ اس کے اداروں نے مقابلہ کرانے والوں کو این او سی جاری کر دیئے ہیں۔ اس لئے ہم کسی صورت یہ برداشت نہیں کریں گے کہ اس حکومت کا سفیر ہماری سر زمین پر رہے یا ہمارے ملک کا کوئی نمائندہ/ سفیر ہالینڈ میں رہے یا ہم اس ملک سے تجارتی تعلقات رکھیں، جو گستاخانہ خاکوں کے لئے این او سی جاری کر رہا ہے۔ کل کی ریلی میں راولپنڈی بھر سے مسلمان شریک ہوں گے جبکہ عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد ممکنہ طور پر پہلے جمعہ کو راولپنڈی سے ہالینڈ کے سفارت خانے تک ریلی کے انتظامات اور پروگرام کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ جس کی قیادت انتہائی ممتاز بزرگ و دینی شخصیات کریں گی۔ ہم اپنی حکومت پر دباؤ ڈالیں گے کہ وہ اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment