امت رپورٹ
چیمپئنز ٹرافی کے بعد ایشیا کپ میں پاکستان سے شکست کا خوف بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے اعصاب پر سوار ہوگیا۔ ممکنہ رسوائی سے بچنے کیلئے وہ ایشیا کپ میں قیادت سے دستبردار ہوئے، جس کے باعث بھارتی ٹیم کی کپتانی روہت شرما کے سپرد کردی گئی۔ تاہم بھارتی میڈیا اب بھی ویرات کوہلی کی ٹیم کی واپسی کی امید ظاہر کر رہا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ ویرات کی سرپرائز واپسی صرف انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کے نتائج سے مشروط ہے۔ دوسری جانب دبئی میں پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے ہیں۔ جبکہ پاکستانی حتمی اسکواڈ کا اعلان پیر کو ہوگا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے ایشیا کپ 2018ء کیلئے بھارتی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کا کپتان روہت شرما کو مقرر کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2018ء میں کپتان ویرات کوہلی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جگہ روہت شرما کو ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے۔ بی سی سی آئی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم کا اعلان کیا، جس کے مطابق منیش پانڈے کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ جبکہ راجستھان رائلز کے بائیں ہاتھ کے میڈیم پیسر خلیل احمد کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو ایشیا کپ میں انٹرنیشنل ڈیبیو کریں گے۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل نہ کھیلنے والے کیدر جادھو کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ سریش رائنا ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ بی سی سی آئی کے مطابق بھارتی ٹیم کا 15 رکنی اسکواڈ روہت شرما (کپتان)، شیکھر دھون (نائب کپتان)، کے ایل راہل، امباتی رائیوڈو، منیش پانڈے، کیدر جادھو، ایم ایس دھونی، دنیش کارتک، ہاردک پانڈیا، کلدیپ یادیو، یوزویندرا چھاہل، بھونیشور کمار، جسپرت بومرا، شھردل ٹھاکر اور خلیل احمد پر مشتمل ہے۔ بھارتی میڈیا اور مختلف سماجی ویب سائٹس پر ویرات کوہلی کو ایشیا کپ سے راہ فرار اختیار کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بھارتی میڈیا این ڈی اے کے ایک اسپورٹس صحافی کا کہنا تھا کہ بطور میزبان کوہلی کو آرام کرنے کی کیوں ضرورت پڑگئی۔ وہ آرام انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ نہ کھیل کر بھی کرسکتے۔ واضح ہو رہا کہ بھارت نے ایشیا کپ میں پاکستان سے مقابلے سے قبل ہی ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ دوسری جانب ایک اور بھارتی میڈیا چینل ژی نیوز اسپورٹس کے بقول ویرات کوہلی کی ایشیا کپ میں واپسی ممکن ہوسکتی ہے۔ تاہم اس کا انحصار انگلینڈ میں جاری ٹیسٹ سیریز کے نتائج پر ہوگا۔ کوہلی ہرصورت میں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنا یا برابر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے آخری ٹیسٹ میں آرام کا آپشن بھی مسترد کردیا ہے۔ اگر وہ اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تو ایشیا کپ میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز 15 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔ 16 ستمبر کو بھارتی ٹیم دبئی پہنچے گی۔ جبکہ 19ستمبر کو پاکستان سے مقابلہ شیڈول ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایشیا کرکٹ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے کے ٹکٹ چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہو گئے۔ ایشیا کرکٹ کپ کا میلہ 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں سجے گا، جس میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل کی انتظامیہ نے پاک بھارت میچ کیلئے ایک ہفتے قبل بھی محدود ٹکٹس آن لائن فروخت کیلئے پیش کئے تھے جو چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہوئے۔ شائقین کے شدید دباؤ کی وجہ انتظامیہ نے مزید ٹکٹس آن لائن فروخت کیلئے پیش کئے لیکن وہ بھی کچھ ہی دیر میں بک ہو گئے۔ ادھر دبئی اسپورٹس سٹی کے منیجر سلمان حنیف کا کہنا ہے کہ اہم مقابلوں کی میزبانی یو اے ای کیلئے قابل فخر موقع ہوگا۔ کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پر بھاری سرمایہ لگایا گیا ہے۔ ایونٹ کیلیے خصوصی طور پر 2 نئی پچز بنانے کے ساتھ اتنی ہی نئی ری پلے اسکرینز اور ڈیجیٹل اسکور بورڈ بھی نصب کردیئے گئے۔ ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے رش سے بچنے کیلئے اسٹیڈیم کے اطراف میں پارکنگ کا نظام بہتر بنا دیا گیا ہے، میڈیاکے ساتھ اس بار تماشائیوں کیلئے فری شٹل بھی دستیاب ہوگی۔ دوسری جانب ٹیموں کے پریکٹس سیشنز کیلئے آئی سی سی اکیڈمی میں موجود سہولیات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ جنرل منیجر ول کچن نے کہاکہ ایشیا کپ میں شریک 6 ٹیموں کو یہاں ٹریننگ کرنی ہے، اسی لحاظ سے انتظامات بھی زیادہ ہونا چاہیں۔ وینیو کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ پریکٹس اور اسٹیڈیم میں بنائی گئی پچز ایک جیسی ہیں، یکساں کنڈیشنز کی وجہ سے کرکٹرز کو ماحول سے مطابقت حاصل کرنے میں مشکل پیش نہیں آئے گی۔ ایشیا کپ کیلئے قومی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ کا پیر کو لاہور میں آغاز ہوگا۔ ٹریننگ کا سلسلہ مکمل ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی ایبٹ آباد سے واپسی ہوگئی ہے۔ مصروف سیزن سے قبل 2 روز آرام کا موقع مل گیا۔ دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کے انتظامات کی تیاریاں جاری ہیں۔ منتخب کرکٹرز میں کپتان سرفراز احمد، شان مسعود، امام الحق، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، بابر اعظم، شاداب خان، محمد نواز، عماد وسیم، حسن علی، عثمان خان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں، انہی میں سے حتمی اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔ تربیتی کیمپ پیر کو شروع ہونے کے بعد 10 ستمبر تک جاری رہے گا۔
٭٭٭٭٭