پائوں سو جانے کا علاج:
حضرت ابن عباسؓ کے پاس ایک شخص بیٹھا تھا، اس کا پائوں سو گیا، آپؓ نے فرمایا کہ جو شخص تجھ کو سب سے زیادہ محبوب ہو، اس کا نام لے۔ اس نے کہا ’’محمدؐ‘‘ اسی وقت سن اتر گئی۔
اسی طرح ایک مرتبہ حضرت ابن عمرؓ کا پائوں سو گیا، انہوں نے بھی یہی عمل کیا، فوراً سن اتر گئی۔ (حاشیہ حصن حصین)
بھولی ہوئی چیز یاد آنا:
ابو موسیٰ نے بسند ضعیف روایت کیا ہے کہ آںحضرتؐ نے ارشاد فرمایا: جب تم کسی چیز کو بھول جائو تو مجھ پر درود بھیجو، وہ چیز یاد آجائے گی۔ (فضائل درود و سلام)
برکت اسم ’’محمد‘‘:
اس وقت کتاب کا حوالہ دیا نہیں، مگر متقدمین علماء میں سے کسی نے لکھا ہے اور میرا تجربہ ہے کہ جب بچہ پیٹ میں ہو اس وقت اس کا نام ’’محمد‘‘ رکھ دیا جائے تو وہ بچہ لڑکا ہو گا۔
خواب میں حضورؐ کی زیارت:
درود شریف کی سب سے زیادہ لذیذ اور شیریں خاصیت یہ ہے کہ اس کی بدولت رسول کریمؐ کی زیارت خواب میں نصیب ہوتی ہے۔ درود شریف کی کثرت سے عموماً یہ دولت حاصل ہو جاتی ہے اور بعض درودوں کو بالخصوص بزرگوں نے آزمایا ہے۔
شیخ عبد الحق محدث دہلویؒ نے کتاب ’’ترغیب اہل السعادت‘‘ میں لکھا ہے کہ شب جمعہ میں دو رکعت نماز نفل پڑھے اور ہر رکعت میں گیارہ بار آیت الکرسی اور گیارہ مرتبہ سورئہ اخلاص اور بعد سلام سو (100) بار یہ درود شریف پڑھے، خدا تعالیٰ نے چاہا تو تین جمعے نہ گزرنے پائیں گے کہ زیارت نصیب ہو گی وہ درود شریف یہ ہے۔
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِن النَّبِی الْاُمِّی وَاٰلِہ وَاَصْحَابِہ وَسلّم (جاری ہے)