زیارت رسولؐ:
شیخ عبد الحق محدث دہلویؒ نے لکھا ہے کہ جو شخص دو رکعت نماز پڑھے، ہر رکعت میں بعد سورئہ فاتحہ کے 25 بار سورئہ اخلاص اور بعد سلام کے ایک ہزار مرتبہ یہ درود شریف پڑھے، دولت زیارت نصیب ہو گی، وہ درود یہ ہے۔
صَلَّی اﷲ ُ عَلَی النَّبِی الْاُمِّی
ضروری تنبیہ:
مگر اس دولت کے حاصل ہونے کی بڑی شرط قلب کا شوق سے پُر ہونا اور ظاہری و باطنی گناہوں سے بچنا ہے۔ (فضائل درود و سلام) نماز روزے وغیرہ فرائض میں کوتاہی کرنے والے اور حرام و ناجائز کے معاملے میں بے پروائی کرنے والوں کو صرف الفاظ پڑھنے سے یہ دولت حاصل نہیں ہو گی۔
عالم بیداری میں زیارت:
شیخ عبدالوہاب شعرانی ؒ نے چند بزرگوں کی حکایات لکھی ہیں کہ ان کو بار بار رسول کریمؐ کی زیارت بیداری میں کھلی آنکھوں ہوئی ہے۔ شیخ جلال الدین سیوطی ؒ صاحب جلالین کو 35 مرتبہ یہ دولت عظمیٰ بیداری میں نصیب ہوئی۔ ان بزرگوں میں سے اس کا سبب پوچھا گیا تو بتلایا کہ درود شریف کی کثرت اس کا سبب ہے۔ (انتہی)
مگر یہ ظاہر ہے کہ اس مقام بلند تک پہنچنے کے لئے نرا زبانی جمع خرچ کافی نہیں۔ دل میں رسول کریمؐ کی پوری محبت اور زیارت کا شوق ہونا اور ظاہری و باطنی گناہوں سے بچنا ضروری ہے جیسا کہ ان حضرات کا حال تھا، حق تعالیٰ ہم سب کو یہ نعمت عظمیٰ اپنے فضل سے بطفیل حضرت محمد مصطفیٰ ؐ نصیب فرمائیں۔
اَللّٰھْمَّ صَل عَلٰی مُحَمَّدِن النَّبِی الْاُمِّی وَاٰلِہ وَصَحْبِہ اَجْمَعِیْنَ وَبَارِکْ وَسَلّمِ بِعَدَدِ کُلِ مَعْلُوْمِ لَک
َ (ختم شد)